امریکی شہری متھیو بیریٹ کے کیس کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔وفاقی وزیر داخلہ

کوئٹہ حملے میں جس بچے کو بطور ملزم دکھایا گیا اس کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اگست 2016 13:21

امریکی شہری متھیو بیریٹ کے کیس کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔وفاقی وزیر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اگست 2016ء) : وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ میتھیو کو48نہیں 24گھنٹوں میں ویزا جاری کیا گیا، میتھیو کو ویزا جاری کرنے کی تحقیقات کیجا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کیس کی نگرانی خود کر رہا ہوں۔ میتھیو کو 2011ء میں فتح جنگ کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔سکیورٹی اداروں نے میتھیو کو ممنوعہ علاقہ میں گھومتے ہوئے گرفتار کیا۔

میتھیو کے خلاف درج ایف آئی آر میں جاسوسی کا الزام نہیں تھا۔ میتھیو کا سسر وکیل ہے جس نے اس کا کیس بھی لڑا۔انہوں نے بتایا کہ میتھیو کے پاکستانی بیوی سے دو بچے ہیں۔ اور میتھیو کی پاکستان آمد کا سسر کو بھی علم نہیں تھا۔ میتھیو کو جاری کردہ ویزے اور ائیر پورٹ سے نکل جانے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، میتھیو کو جاری کردہ ویزے سے متعلق دفتر خارجہ تحقیقات کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ویزا افسر کی کوتاہی کے باعث میتھیو کو ویزا ملا۔ ویزا فارم میں اہم نکات بھی نہیں بھرے گئے۔ویزا دینے والے افسر کے خلاف کارروائی وزارت خارجہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں روایت ہونی چاہئیے کہ کھُل کر بات ہو۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئٹہ حملے کے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کے سر کا ایک حصہ ملا جبکہ ڈی این اے میں بھی کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ موقع سے ملنے والی تصاویر سے بھی ملزم کی شناخت نہیں ہوئی۔ ایک بچے کو ھادثے کی جگہ پر ملزم کے طور پر دکھایا گیا لیکن اس بچے کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حادثے کی جگہ سے انگلیوں کے نشانات بھی ملے لیکن وہ کسی متاثرہ شخص کے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ پر کچھ گرفتاریاں کی گئی ہیں اور کچھ تانے بانے بھی ملے ہیں۔ وزیر داخلہ نے ایوان میں بتایا کہ آئندہ چند روز میں وزرائے اعلیٰ کا ایک اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان پر بننے والی کمیٹی انتظامی ہے ۔کمیٹی نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کو یقینی بنائے گی۔