سیلفی لینے کے چکر میں 11 سالہ بچی والدین سمیت دریا میں جا گری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اگست 2016 16:06

سیلفی لینے کے چکر میں 11 سالہ بچی والدین سمیت دریا میں جا گری

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اگست 2016ء): پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیلفی لینے کی کوشش میں 11 سالہ بچی دریا میں ڈوب گئی جبکہ بچی کے والدین بھی اپنے لخت جگر کو بچاتے ہوئے دریا میں جا ڈوبے۔ حادثہ خیبر پختونخواہ سے گزرنے والے کہنار دریا پر بیسیان گاؤں کے قریب ایک سیاحتی مقام پر پیش آیا۔ مقامی پولیس آفیسر ارشد خان نے بتایا کہ 11 سالہ صفیہ عاطف نامی لڑکی نے دریا کے کنارے سیلفی لینے کی کوشش کی جس پر وہ پھسل کر دریا میں جا گری۔

(جاری ہے)

بیٹی کو ڈوبتا دیکھ کر صفیہ کی والدہ شازیہ عاطف نے بھی دریامیں چھلانگ لگا دی لیکن وہ بھی دریا کے ساتھ بہہ گئیں۔ بیٹی اور اہلیہ کو بہتا دیکھ کر صفیہ کے والد عاطف حسین سے بھی رہا نہ گیا اور ان کو بچانے کے لیے وہ بھی دریا میں کود پڑے لیکن ان کی قسمت بھی ان کو بہا لے گئی۔ پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ بیٹی اور اس کی والدہ کی لاشوں کو دریا سے نکال لیا گیا ہے جبکہ عاطف حسین کی لاش کی تلاش ابھی بھی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کے والدین صوبہ پنجاب میں ڈاکٹری کے پیشہ سے منسلک تھے اور اہل خانہ کے ساتھ چھٹیاں گزارنے آئے ہوئے تھے۔ ان کے لواحقین میں 9 سالہ بیٹی اور ایک 6 سالہ بیٹا بھی ہیں جنہیں مقامی انتظامیہ نے حفاظتی تحویل میں لے رکھا ہے۔