قائد اعظم اور علامہ اقبال کا خواب تو ایک ایسے پاکستان کے لیے تھا جو اسلام کا قلعہ ہو ،جہاں قرآن کا نظام نافذ ہو،جس میں عدل اور انصاف ہو،لہٰذا آج ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم پاکستا ن کو اسلام کا قلعہ بنائیں ،پاکستان میں اسلامی نظام کے لیے کام کریں،تاکہ قائد اعظم اورعلامہ اقبال کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے،عبدالرزاق خان

منگل 16 اگست 2016 21:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اگست ۔2016ء) 14اگست یوم آزادی پاکستان اﷲ کا انعام اور احسان ہے۔آج کے نوجوان 1947ء کے تناظر میں پاکستان کو دیکھیں جس کے لئے برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ہندو بلوائیوں نے مسلمانوں کی پوری پوری بستیاں جلا ڈالیں۔لاکھوں مسلمان ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں کی عزتوں کو تار تار کیا،مہاجرین کی گردنیں کاٹی گئیں،ان کی لاشوں کو دریاؤں میں بہایا گیا، ریل کی پٹریوں پر ڈالا گیا، یہ آزادی انہی شہداء کی قربانیوں کاثمرہے۔

یہ بات امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبدالرزاق خان نے جماعت اسلامی زون پی ایس 93,94,95اورجی سی ٹی کی جشن آزادی کی مختلف تقریبات اور جشن آزادی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔جشن آزادی کی ان تقریبات میں نائب امیر ضلع غربی مولانا فضل احد،ڈپٹی سیکریڑی جنرل گل رحیم،منتخب چیئرمینز عبدالصمد خان،عبدالقیوم،نواز خان،منتخب کونسلرز اور امرائے زونزپی ایس93قائم مقام امیر زون حاجی سراج،امیر زون پی ایس94 مزمل حسین انصاری،امیر زون پی ایس 95مناظر الحسن اور صدر جے آئی یوتھ انعام الرحمن سمیت زونز کے ذمہ داران اور بہت بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

عبدالرزاق خان نے مزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمان جو پاکستان کے لئے قربانیاں پیش کررہے تھے انہیں معلوم تھا کہ سندھ ،پنجاب،خیبر پختونخوا،بلوچستان کے کلچر ہندوستان کے کلچر سے مختلف ہیں مگراس کے باوجود انہوں نے کلمہ کی بنیاد پر پاکستان کا نعرہ لگایا کہ ـ"پاکستان کا مطلب کیا ‘لا الہ الا اﷲ"۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں اگر غربت ہے ،مہنگائی ہے،بیروزگاری ہے،ظلم ہے ،ناانصافی ہے،کرپشن ہے تو یہ سب پاکستان میں اسلامی نظام نافذ نہ کرنے کی وجہ سے ہے۔

قائد اعظم اور علامہ اقبال کا خواب تو ایک ایسے پاکستان کے لئے تھا جو اسلام کا قلعہ ہو ،جہاں قرآن کا نظام نافذ ہو،جس میں عدل اور انصاف ہو،لہٰذا آج ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم پاکستا ن کو اسلام کا قلعہ بنائیں ،پاکستان میں اسلامی نظام کے لئے کام کریں،تاکہ قائد اعظم اورعلامہ اقبال کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔