ایف بی آر نے ملک بھر میں بلڈنگ پلان کی منظوری کو ٹیکس کی ادائیگی سے مشروط کردیا

منگل 16 اگست 2016 22:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اگست ۔2016ء) ٹیکس ادائیگی کے بغیر بلڈنگ پلان منظور نہیں ہوسکیں گے۔ ٹیکس ادا نہ کرنے پر بلڈنگ پلانز کو منسوخ کردیا جائے ایف بی آر نے بلڈرز کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ملک بھر میں بلڈنگ پلان کی منظوری کو ٹیکس کی ادائیگی سے مشروط کردیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت چیف کمشنر ایف بی آر کو ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک بلڈرز ٹیکس ادا نہ کریں ان کے بلڈنگ پلان کو منظور نہ کیا جائے۔

ٹیکس کی عدم ادائیگی پر بلڈنگ پلان کو فوری طور پر منسوخ کردیا جائے۔ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیز متعلقہ علاقوں میں جاری تعمیرات سے متعلق ہر تین ماہ بعد بلڈنگ پلان پیش کرنے کی پابند ہوں گی جب کہ انسپکٹر جنرل رجسٹریشن بلڈرز سے تمام تر ٹیکس وصولیوں کا ذمہ دار ہوگا۔

(جاری ہے)

آئی جی رجسٹریشن ٹیکس وصولی پر این او سی جاری کرے گا جس پر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیز بلڈنگ پلان کی منظوری دیں گی۔ بلڈرز آن لائن طریقے سے کنسٹرکشن پلان اور ٹیکس ادائیگی کی دستاویزات ہر ماہ ایف بی آر میں جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔ بلڈرز اپنے ٹھیکوں ، سروسز ، سپلائز اور ملازمین کی تنخواہوں کی تفصیل بھی پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔ بلڈرز ود ہولڈنگ ایجنٹس ہوں گے تاہم ود ہو لڈنگ ٹیکس ایڈ جسٹ نہیں ہوسکے گا۔

متعلقہ عنوان :