نا جائز اثاثہ جات کیس ،سابق وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی کے پرنسپل سٹاف افسر عمران گچکی کیخلاف ریفرنس عدالت میں دائر

بدھ 17 اگست 2016 16:59

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء ) نیب نے نا جائز اثاثہ جات کیس میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے پرنسپل اسٹاف آفیسر عمران گچکی کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا ، دوران تفتیش ملزم کی ملکیت بحریہ ٹاون اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کروڑوں مالیت کے بنگلے، فلیٹ، پلاٹس اور دیگر اثاثہ جات کا انکشاف، ملزم عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کی منسوخی کے بعد تاحال مفرور، گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو بلوچستان نے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل اسٹاف آفیسر عمران گچکی کے خلاف ناجائز اثاثہ جات کی ایک شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کیں، جسکے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ملزم نے آمدن سے زائد 18 کروڑ پچا س لاکھ نمالیت کے ناجائز اثاثہ جات بنا رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

تحقیقات کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے سال 2015میں ملزم عمرا ن گچکی کے بحریہ ٹاون کے بنگلے پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا ، ملکی اور غیر ملکی نقد رقم، جبکہ بے نامی دار قریبی رشتہ داروں کے نام بحریہ ٹاون اسلام آباد کے دو بنگلوں، ایک پلاٹ، بنی گا لہ اسلام آباد کے ایک بنگلے سمیت ایک مری کے فلیٹ اور تین گوادر کے پلاٹس کے اصلی کاغذات بر آمد ہوئے۔

ملزم عمران گچکی نے کیس کے اوائل میں بلوچستان ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی، تاہم عدالت عالیہ سے ضمانت کی منسوخی کے بعد ملزم تا حال مفرور ہے جسکی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سابق پرنسپل اسٹاف آفیسر کے خلاف تحقیقات مکمل کرتے ہوئے آج احتساب عدالت میں ریفرنس جمع کروا دیا۔

متعلقہ عنوان :