اسلامی فلاحی مملکت بننا پاکستان کا مقدر ہے،جے یوپی

بدھ 17 اگست 2016 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) غیروں کی غلامی اور مفادات قیام پاکستان کے حقیقی مقصد کے حصول میں رکاوٹ ہیں بلکہ اب تو معاملات ملک کے لئے سیکورٹی رسک بن گئے ہیں۔ شاید ملک کی عدالتیں پاکستان سے بے وفائی کی سزا نہ دے سکیں، لیکن جس خدائے بزرگ وبرتر کی تائید وحمایت اس عظیم مملکت کوحاصل ہے وہ کبھی ایسے مجرموں کو معاف نہیں کرے گا ۔

انشاء اﷲ ملک دشمنوں کے خلاف علامہ شاہ احمد نورانی ؒ کا مشن جاری رہے گا،بدھ کو جے یو پی ضلع وسطی کے تحت مقامی ہال میں فدائیان ِ ختم نبوت پاکستان کے امیر مفتی عبدالحلیم ہزاروی ، جے یوپی کراچی کے صدر مفتی محمد غوث صابری ،ناظم اعلیٰ محمد مستقیم نورانی، ممتاز عالم دین مفتی محمد عبداﷲ نورانی، اے این آئی کے چیئرمین انجینئر سلیم حسین اور اے ٹی آئی کے صدر محمد زبیر ہزاروی نے جیوے پاکستان فکر ِ امام نورانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس سے ضلع وسطی کے صدر علامہ عبدالغفور کُرد ، جنرل سیکریٹری سعید اختر ملک، ضلع جنوبی کے صدر محمد وزیر رہبر، ضلع کورنگی کے کنونیر خالد اختر ایڈووکیٹ ، ضلع شرقی کے صدر محمد شعیب برکاتی ، ضلع ملیر کے صدر مولانا فرید قادری ، ضلع غربی کے صدر حبیب اﷲ خان ، نیوکراچی زون کے صدر علامہ عبدالمجید نورانی اور لیاقت آباد زون کے جنرل سیکریٹری حافظ محمد سہیل نے بھی خطاب کیا،جبکہ مرکزی رہنما حلیم خان غوری ، نوید نورانی، ضلعی نائب صدر محمد علی قریشی ، علامہ ایوب الرحمان اُکاڑوی، محمد تاج نورانی، عبدالرحمان نورانی، محمد وسیم نورانی، حافظ افضل چشتی اور دیگر زعماء ، خادمین اور معززین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جے یوپی کے رہنماؤں نے کہا کہ اسلامی فلاحی مملکت بننا پاکستان کا مقدر ہے جب کہ پاکستان کو اسلام سے دور کرنے کی خواہش رکھنے والے ہی پاکستان سے دور ہیں اور رہیں گے ۔اس موقع پر رہنماؤں نے پاکستان کے 70ویں یوم آزادی پر بارگاہ ِ الہٰی میں اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ الحمدﷲ پاکستان بنانے میں اکابرین اہلسنت اور پاکستا ن کی پہلی دستور ساز اسمبلی میں قابل فخر قائد علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی نے اپنے رفقاء کے ساتھ مل کر نظریہ پاکستان کی حفاظت کیلئے ایسا شاندار اور تاریخ ساز کردار ادا کیا جسے فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے جسے کبھی جھٹلایا نہیں جاسکتا کہ برصغیر کے علماء ومشائخ اہلسنت نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قابل فخر قیادت میں قیام پاکستان کو ممکن بنانے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور قیا م پاکستان کے بعد پاکستان کے دستور کو قرآن وسنت کے مطابق بنوانے میں بھی علماء اہلسنت نے ہی قائدانہ کردار اداکیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے والے اہلسنت وجماعت کی سیاسی قوت جمعیت علماء پاکستان کو دیوار لگانے کی سازش کے نتیجے میں ملک میں لسانیت اور فرقہ واریت جیسے ناسور پروان چڑھے جس کا خمیازہ آج ملک وقوم کو بھگتنا پڑرہا ہے، لیکن لگتا اب بھی یہی ہے کہ ملک کے کرتادھرتاؤں نے قومی وحدت کے نقصان سے بھی کچھ نہیں سیکھا۔

متعلقہ عنوان :