پیپلز پارٹی لوگوں سے روز گار چھینتی نہیں، روز گار دیتی ہے،وزیر اعلیٰ سندھ

بدھ 17 اگست 2016 23:13

حیدر آباد ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی لوگوں سے روز گار چھینتی نہیں بلکہ انہیں روز گار دیتی ہے مگر جو شخص سرکاری تنخواہ لیتا ہے اور اپنی ڈیوٹی نہیں کرتا اس سے باز پرس ضرور کی جائے گی وہ رات کو مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنان کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے سرکاری ملازمین عوامی نمایندے اور عام لوگوں کو بھی کام کرنا ہو گا کیو کہ میں تنہا کچھ نہیں کر سکتا جب تک کے لوگوں کا تعاون میرے ساتھ نہ ہو انہوں نے کہا کہ عوام کو طرزحکومت میں یقینا بہتری نظر آئیں گی انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے وہ وزیر ٹرانسپورٹ کو کہیں گے کہ وہ حیدرآباد کے لیے ٹرانسپورٹ کی اسکیم بنائیں اس موقع پر مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے پریس کلب حیدرآباد کے لیے سالانہ گرانٹ ڈیڑھ کروڑ روپے کی منظوری اور آج اس کا چیک دینے کے دوران اور اس کے علاوہ صحافیوں کی ہاؤسنگ اسکیم کی پی سی ون تیار کرنے کا کہنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حیدرآباد کے صحافیوں کے جمہوریت کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں دیں ہیں اس موقع صوبائی وزیر محمد علی ملکانی ، معاون خصوصی ڈاکٹر سکندر شورو، فیاض شاہ ، صغیر قریشی ، علی محمد سہتو، برکت ببر اور کارکنان کا بڑی تعداد موجود تھی۔