پاکستان اور ناروے کا توانائی، سرمایہ کاری اور اقتصادی شعبوں سمیت مختلف سیکٹرز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق،

پچاس ہزار سے زائد پاکستانی ناروے میں کام کر رہے ہیں،دونوں ملکوں کے مابین خوشگوار تعلقات قائم ہیں،سرتاج عزیز،نارویجن کمپنیاں پاکستان میں سولر اور اور ہائیڈرو انرجی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں،افغان مسئلہ صرف مذاکرات سے حل ہو سکتا ہے،پاکستان اور بھارت کے مابین تناؤ کم کرنے میں تعاون کیلئے تیار ہیں نارویجن وزیر خارجہ بورج برینڈے،مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 18 اگست 2016 23:03

پاکستان اور ناروے کا توانائی، سرمایہ کاری اور اقتصادی شعبوں سمیت مختلف ..

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اگست ۔2016ء) پاکستان اور ناروے نے دوطرفہ تجارت اور کاروبار کو وسعت دینے کیلئے ،توانائی،اقتصادی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف سیکٹرز میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔جمعرات کو یہاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ناروے کے وزیر خارجہ بورج برینڈے کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ناروے نے عوام کے بہترین مفاد میں توانائی،اقتصادی،تجارتی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پچاس ہزار سے زائد پاکستانی ناروے میں مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔دونوں ملکوں کے مابین خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بورج برینڈے کیساتھ بات چیت کے دوران علاقائی معاملات بالخصوص افغانستان،بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاکستان کی نیو کلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بھارت کو کشمیر پر بات چیت کی پیشکش سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کہا ہے کہ وہ کشمیر پر بات چیت کی پیشکش پر غور کر رہا ہے۔بھارتی جواب ملنے کے بعد اس پر تبصرہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناروے کی دس بڑی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے جن میں ٹیلی نار سب سے بڑی سرمایہ کار کمپنی ہے۔مشیر خارجہ نے کہا کہ وزیر تجارت رواں سال اکتوبر میں ناروے جائیں گے جہاں نارویجن حکام کیساتھ ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے مابین کاروباری ،تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور زیر بحث لائیں گے۔

اسکے علاوہ دونوں ملکوں کے مابین آذادانہ تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت ہوگی۔ناروے کے وزیر خارجہ بورج برینڈے نے کہا کہ ناروے کو پاکستان کیساتھ تعلقات پر فخر ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف اور مشیر سرتاج عزیز کیساتھ ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے مفید بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بحال ہو رہی ہے جبکہ خسارے اور افراط زر میں کمی آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے بعد ناروے پاکستان میں دوسرا بڑا سرمایہ کار ملک ہے۔ٹیلی نار سمیت ناروے کی دس بڑی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی،اقتصادی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نارویجن کمپنیاں پاکستان میں سولر اور اور ہائیڈرو انرجی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔ناروے کے وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ افغان مسلہ صرف مزاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نارویجن وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی تو انکا ملک اسکے خلاف آواز ضرور بلند کریگا۔انہوں نے کہا کہ ناروے پاکستان اور بھارت کے مابین تناؤ کم کرنے میں تعاون کیلئے تیار ہے۔