خیبرایجنسی ‘ خاصہ دار فورس کی کارروائی ‘ ٹرالر سے بڑی مقدار میں چرس بر آمد ‘ دو سمگلر گرفتار

جمعہ 19 اگست 2016 15:36

خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اگست ۔2016ء) خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود میں خاصہ دار فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرالر سے بڑی مقدار میں چرس برآمد کرکے دو سمگلروں کوگرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیٹیکل انتظامیہ کے ایک سینئر افسر کے مطابق پولیٹیکل انتظامیہ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ٹرالر کے ذریعے کسی بھی وقت باڑہ سے پشاور چرس سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شاہ کس باڑہ روڈ پر بھاری نفری کے ساتھ ناکہ بندی کردی اس دوران ایک ٹرالرنمبر TLB 883 کو شاہ کس باڑہ روڈ پر روک کر اس کی تالاشی لی گئی۔

تلاشی کے دوران خاصہ داروں نے ڈرائیور سیٹ کے پیچھے بنے کیبن سے 400کلو گرام چرس برآمد کرلی جس پر گاڑی کو تحویل میں لے کر دو سمگلر وں پشاور خان ولد خان محمد سکنہ میران شاہ شمالی وزیر ستان اور فہیم خان ولد فرید اللہ ضلع بنوں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا۔پولٹیکل ذرائع کے مطابق چرس کو پنجاب سمگل کیا جارہا تھا ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔