امریکی جاسوس میتھیو کو چھوڑنا بزدلی اور امریکی تابعداری کی بدترین مثال ہے ، قومی اسمبلی میں بڑھکیں مارنے والے وزیر داخلہ نے 3پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو پورے پروٹوکول کے ساتھ واپس بھیجنے کے شرمناک واقعہ کو زندہ کردیا ہے، میتھیوکو حساس تنصیبات کی جاسوسی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے باوجود ایسے مجرم کو ملک بدر کردینا قومی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کا جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

جمعہ 19 اگست 2016 21:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اگست ۔2016ء ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ امریکی جاسوس میتھیو کو چھوڑنا بزدلی اور امریکی تابعداری کی بدترین مثال ہے ،چند دن قبل قومی اسمبلی میں قومی سلامتی کے حوالے سے بڑھکیں مارنے والے وزیر داخلہ نے تین پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو پورے پروٹوکول کے ساتھ واپس بھیجنے کے شرمناک واقعہ کو زندہ کردیا ہے۔

میتھیوکو حساس تنصیبات کی جاسوسی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑنے اور پاکستان میں دوبارہ داخلہ ممنوع قرار دیئے جانے کے باوجود ایسے مجرم کو ملک بدر کردینا قومی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے امریکہ بھارت کی سرپرستی کررہا ہے ،پاکستان کے ایٹمی اثاثے امریکہ ،بھارت اور اسرائیل کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہے ہیں اور کفر کی تینوں طاقتیں پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو نقصان پہنچانے کیلئے تمام حربے استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں میتھیوکی گرفتاری کے وقت اس سے حساس علاقوں اور تنصیبات کے نقشے برآمد ہوچکے ہیں اور اسے ناپسندیدہ قرار دے کر ملک بدر کیا جاچکا تھا مگر امریکی خدمتگاروں نے اپنے آقا کوجیل میں بند کرنے کی جرأت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت اور اسرائیل کی تخریب کار ایجنسیوں نے پاکستان کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور ان ایجنسیوں کے دہشت گرد پورے ملک میں دندناتے پھرتے ہیں ،دہشت گردی کی درجنوں وارداتوں میں ان کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آچکے ہیں اور سیکیورٹی اداروں نے بار ہا حکومت کو ان کی دہشتگردی کے ثبوت دیئے ہیں مگر حکومت عالمی برادری میں پاکستان کے مقدمہ کو جرأت مندی سے پیش نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں سے بعید نہیں کہ یہ کل کو بھارتی جاسوس کلبھوشن کو بھی معصوم قرار دیکر بھارت کے حوالے کردیں۔