مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، بھارتی سیکرٹری خارجہ اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے مذاکرات کریں ، مسئلہ کشمیر کو عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے،ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کابیان

جمعہ 19 اگست 2016 23:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اگست ۔2016ء ) ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، بھارتی سیکرٹری خارجہ اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے مذاکرات کریں اور مسئلہ کشمیر کو عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کے خط کا جواب دیا اور بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو دفتر خارجہ بلا کر جوابی خط دیا گیا، خط میں لکھا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ، خط میں بھارتی سیکرٹری خارجہ کو رواں ماہ کے اختتام پر اسلام آباد آنے کی دعوت دی گئی تا کہ اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے مذاکرات کئے جا سکیں ۔

سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے خط میں لکھا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں فوری طور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ، مظلوم کشمیری حق رائے دہی کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ، وہاں پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمیوں کو فوری سہولتیں دی جائیں ، زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے ڈاکٹروں اورطبی عملے کو جانے کی اجازت دی جائے ۔