امتیازاحمد شیخ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی

رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر،شہر یار مہر،مہتاب اکبر راشدی،جام معشوق علی کی بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان جی ڈی اے کے ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی کو مائنس کرکے ان کے خاندان کے دیگر افراد کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی

ہفتہ 20 اگست 2016 19:12

امتیازاحمد شیخ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(فنگشنل)کے رکن سندھ اسمبلی امتیازاحمد شیخ کی جانب سے پیپلز پارٹی میں شمولیت سے پیپلزپارٹی مخالف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔جی ڈی اے میں شامل کئی سیاسی رہنماؤں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لئے رابطے شروع کردیئے ہیں۔امتیاز شیخ کے بعد رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر،شہر یار مہر،مہتاب اکبر راشدی،جام معشوق علی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی ابراہیم جتوئی اور دیگر نے بھی پیپلزپارٹی قیادت سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ٹھٹھہ کے شیرازی اور نوشیروفیروز کے جتوئی برادران نے بھی نئے وزیر اعلی کے انتخاب میں سیدمراد علی شاہ کو ووٹ دے کر پیپلزپارٹی میں اپنی شمولیت کا اشارہ دیا تھا۔جی ڈی اے کے ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی کو مائنس کرکے ان کے خاندان کے دیگر افراد کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔آئندہ دنوں میں سندھ کی سیاسی صف بندی میں بڑے پیمانے پر اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔