شکیل آفریدی کی سزا کے خلاف نظر ثانی کی اپیل کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی

منگل 23 اگست 2016 21:48

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی گرفتاری میں مبینہ طور پر امریکہ کی مدد کرنے والے پاکستانی ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سزا کے خلاف نظر ثانی کی اپیل کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔منگل کو نظرثانی کی درخواست پر سماعت فاٹا ٹرائبیونل میں ہونا تھی لیکن سرکاری وکیل حاضر نہیں ہوئے جس وجہ سے سماعت ملتوی کر دی گئی ۔

شکیل آفریدی کے وکیل قمر ندیم نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سرکاری وکیل حاضر کیوں نہیں ہوئے لیکن اب یہ سماعت لگ بھگ دو ماہ کے بعد ہوگی۔ اس سے پہلے متعدد بار سماعت ملتوی کی جا چکی ہے لیکن ایک ماہ کے بعد کی تاریخ دی جاتی تھی۔قمر ندیم ایڈووکیٹ نے بتایا کہ انہوں نے شکیل آفریدی کو سنائی گئی سزا کے بعد نظر ثانی کی درخواست فاٹا ٹریبیونل میں دائر کی تھی جس میں کمشنر پشاور ڈویژن سے فیصلے پر نظر ثانی کی استدعا کی تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کمشنر پشاور ڈویژن نے اپیل کورٹ میں دائر درخواست پر فیصلے میں شکیل آفریدی کی سزا میں دس سال کی کمی کر دی تھی۔قمر ندیم کے مطابق اپیل کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں موقف کچھ اور تھا جس وجہ سے انہوں نے فاٹا ٹریبیونل میں نظر ثانی کی درخواست دی تھی۔اس درخواست میں انہوں نے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ، پولیٹکل ایجنٹ خیبر ایجنسی اور کمشنر پشاور ڈویژن کو ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کی استدعا کی تھی۔گزشتہ سماعت پر اس مقدمے کا تمام ریکارڈ پیش کر دیا گیا تھا اور ٹریبیونل نے 23 اگست کی تاریخ سماعت کے لیے مقرر کی تھی لیکن آج سرکاری وکیل پیش نہیں ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :