ڈی جی ایل ڈی اے کی ون ونڈو پر شہریوں کی درخواستوں پر عمل درآمد میں تاخیر کرنے والوں سے زیرو ٹالرنس کی ہدایت

عوامی شکایات پر معطل کئے جانے والے نو افسروں و اہلکاروں کو مختلف نوعیت کی سزائیں سنا دی گئی

منگل 23 اگست 2016 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اگست ۔2016ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نبیل جاوید نے ون ونڈو سیل پر شہریوں کی درخواستوں پر عمل درآمد میں تاخیر کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے - ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل کے دورے کے موقع پرنااہلی ‘ غفلت اور کرپشن سے متعلق شکایات کے نتیجے میں معطل کئے جانے والے ٹاؤن پلاننگ ونگ 9 افسروں واہلکاروں کے خلاف پیڈا ایکٹ2006ء کے تحت کارروائی کر کے انہیں گزشتہ روزمختلف نوعیت کی سزائیں سنا دی گئیں -مجاز اتھارٹی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹر) نے ٹاؤن پلاننگ ونگ کے دواسسٹنٹ ڈائریکٹروں سلمان رضا اور طیب علی ‘ سٹاف آفیسر محمد امین اور سینئر کلرکوں حفیظ احمد‘ نسیم اقبال‘ سید مہتاب علی اور ظہور الدین کو سخت سزا دیتے ہوئے ان کی گزشتہ ایک سال کی سروس ضبط کر لی ہے -سب انجینئر سروے محمد اعظم جاوید کی تین سال کی سروس ضبط کی ہے جبکہ سب انجینئر ز سروے محمد نوید یوسف کو نرم سزا دیتے ہوئے دو سال کے لئے اس کی ترقی روکنے کے احکامات جاری کئے ہیں -ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نبیل جاوید نے کہا ہے کہ شہریوں کی درخواستوں پر بلا وجہ اعتراضات لگانے اور غیر متعلقہ جوابات دے کر تاخیری حربے ا ستعمال کرنے والوں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی - تمام افسراور اہلکارشہریوں کی طرف سے ون ونڈو سیل پر جمع کروائی جانے والی درخواستوں پر دیئے گئے وقت میں عمل درآمد یقینی بنائیں‘انہیں ان کی درخواستوں پر اعتراضات کے بارے میں ایک ہی بار آگاہ کردیا جائے اور بار بار چکر نہ لگوائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :