وزیراعظم نوازشریف سے سعودی وزیر دفاع کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اتوار 28 اگست 2016 23:23

وزیراعظم نوازشریف سے سعودی وزیر دفاع کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات سمیت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28اگست۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو سعودی وزیر دفاع محمدشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے جس کے بعد انھوں نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ۔

سعودی وزیر دفاع وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو نواز شریف نے ان کااستقبال کیا ، اس موقع پر وفاقی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے ۔اس سے قبل سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کا ائیرپورٹ پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پرتباک استقبال کیا اس موقع پر سعودی سفیر اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ائیرپورٹ پر بچوں نے سعودی وزیر دفاع کو گلدستہ بھی پیش کیا۔سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اپنے دورے کے دوران اعلی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرینگے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی مہمان سعودی وزیر سے ملاقات کریں گے،جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور باہمی تعلقات اور دفاعی شعبے میں تعاون اورفروغ پر بات چیت ہوگی۔