بلوچستان کی حکومت صحیح ٹریک پر چل رہی ہے،میر عبدالکریم نوشیروانی

صوبے میں دہشت گردی کی موجودہ لہرمخلوط حکومت کو کمزور کرنے کی ایک بین الاقوامی سازش ہے،صحافیوں سے بات چیت

منگل 30 اگست 2016 22:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری کی حکومت صحیح ٹریک پر چل رہی ہے صوبے میں دہشت گردی کی موجودہ لہر ان کی مخلوط حکومت کو کمزور کرنے کی ایک بین الاقوامی سازش ہے جسے موجودہ مخلوط صوبائی حکومت اور عسکری قیادت ملکر ناکام بنادیں گی۔

افغان مہاجرین کی واپسی بلوچستان کے لوکل پشتونوں‘ بلوچوں اور یہاں بسنے والی دیگر اقوام کے مفاد میں ہے سی پیک ہر صورت میں بن کر رہے گا اور اب کوئی طاقت اسے نہیں روک سکتی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں جبکہ گورنر بلوچستان جو کہ اس صوبے کی ہردلعزیز شخصیت ہیں وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان پل کی حیثیت سے کام کررہے ہیں صوبے میں قیام امن کیلئے ان کا کردار بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اپنے طور پر ان کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دائیں بائیں کی طاقتیں پاکستان کو مضبوط دیکھنا نہیں چاہتیں بھارتی وزیراعظم مودی خود شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر مارنے سے گریز کریں مودی کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستان کی عسکری قیادت ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور اس فوج کا سپہ سالار راحیل شریف جیسا بہادر‘ نڈر اور ایماندار کمانڈر ہے جو دُشمن کو زیر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بھارت اور مودی کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اقرار کرکے دُنیاپر واضح کردیا ہے کہ ان کے کیا عزائم ہیں انہوں نے کہا کہ سی پیک ہر صورت میں بن کر رہے گا اب کوئی طاقت اسے نہیں روک سکتی کیونکہ وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری جیسا ایک سچا ‘ایماندار اورمخلص سیاستدان آج بلوچستان کی کمان سنبھالے ہوئے ہے وہ بلوچستان کے ساتھ فیئر ہیں اور انشاء اﷲ انہی کے دور میں یہ سی پیک مکمل ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارا دوست ملک ہے اور امریکہ کی دوستی کی خاطر ہم نے بہت سی قربانیاں دی ہیں امریکہ کو چاہیے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو تنازعات ہیں وہ اس میں ثالثی کا کردار ادا کریں امریکہ پاکستان کا اتحادی ہے جبکہ چائنا ایک اچھا دوست ہے جو کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی چاہتا ہے پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں لہٰذا امریکہ اور اس کے صدر اوباما کو چاہیے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان جو تنازعات ہیں انہیں حل کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی بلوچستان کے لوکل پشتونوں‘ بلوچوں اور دیگر بسنے والی اقوام کے بہتر مفاد میں ہے لہٰذا اسے متنازعہ نہ بنایا جائے اور نہ ہی اس پر کوئی سیاست کی جائے۔

متعلقہ عنوان :