تمام ضلعی افسران اپنے اپنے اضلاع میں سرکار ی محکموں اورغیرسرکاری تنظیموں کے ساتھ تعاون و رابطوں کے مزید بہتر بنائیں، ریحانہ لغاری

بدھ 31 اگست 2016 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) وزیر اعلی سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق سندھ ریحانہ لغاری نے کہا ہے کہ تمام ضلعی افسران اپنے اپنے اضلاع میں سرکار ی محکموں اورغیرسرکاری تنظیموں کے ساتھ تعاون و رابطوں کے مزید بہتر بنائیں تاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جاسکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ انسانی حقوق سندھ کے مختلف اضلاع کے افسران کے ساتھ اپنے دفترمیں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرمحکمہ انسانی حقوق سندھ کے ڈائیریکٹر منصور احمد راجپوت اور ایڈمنسٹریٹر محمد اشفاق بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق سندھ میں دیگر محکموں کی نسبت چھوٹا ادارہ ہیں تاہم اس کی اہمیت و افادیت دیگر محکموں سے ہرگز کم نہیں، ادارے کی رسائی ہر ادارے اور ہر شخص تک ہے جہاں جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شکایات ہوں،تمام افسران انسانی حقوق سے متعلق شکایات کے حوالے سے اپنے آپ کو متحرک رکھیں اور ضلعی سطح پر تمام سرکاری اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں سے نہ صرف رابطہ رکھیں بلکہ تواتر کے ساتھ اجلاس بھی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت دیں کہ تمام افسران دفاتر میں وقت کی پابندی کریں اور ملازمین کو بھی اس کا پابند بنائیں، غیر حاضر اور دیر سے آنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کی جاسکے،انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود جلد ہر ضلع کا دورہ کریں گی اور روہاں کام کرنے والے غیر سرکاری اداروں اورفلاحی تنظیموں سے انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے ملاقات کریں گی۔اس موقع پر مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے افسران نے اپنے اپنے دفاتر کی کارکردگی اور انسانی حقوق کی شکایات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :