وزیراعظم محمد نواز شریف (کل) فیصل آباد میں 40 میگاواٹ کوئلے سے چلنے والے توانائی منصوبے کا افتتاح کریں گے

جمعہ 2 ستمبر 2016 23:16

اسلام آباد ۔02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔2 ستمبر ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف (کل ہفتہ کو ستارہ کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ فیصل آباد میں 40 میگاواٹ کوئلے سے چلنے والے توانائی منصوبے کا افتتاح کریں گے، توانائی کی پیداوار کیلئے فیصل آباد میں 40 میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کے آغاز سے توانائی کے شعبہ میں خود انحصاری کی طرف پیش رفت ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق نجی شعبہ کی جانب سے اس طرح کے منصوبوں کا آغاز انتہائی حوصلہ افزاء ہے، اس سے ملک سے بجلی کی قلت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ ستارہ کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ ملک کی نمایاں کمپنی ہے، حکومت 2018ء تک ملک سے اندھیروں کو ہمیشہ کیلئے دور کرنے کیلئے انرجی کے شعبہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

کوئلے سے چلنے والا ستارہ کیمیکل فیصل آباد کا یہ 40 میگا واٹ کا بجلی گھر صنعتی شعبہ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور منفرد منصوبہ ہے۔ ستارہ کیمیکل فیصل آباد میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ سرکولیٹنگ فلیوڈائزڈیڈ کمبوشن کے جدید آٹو میٹک ٹیکنالوجی سسٹم سے مزین ہے۔ اس منصوبہ میں خودکار نگرانی کا نظام بھی موجود ہے جس کے باعث چوبیس گھنٹے دن رات ماحول کی حفاظت یقینی بنائی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے کاروباری برادری کو انتہائی موافق حالات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتھک کوششیں کی ہیں۔ حکومت خاص طور پر نجی شعبہ کی طرف سے بجلی کی صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے توانائی کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ نیشنل گرڈ پر بوجھ کو کم کیا جا سکے۔