وزیراعظم محمد نواز شریف نے کالاشا کاکو کے مقام پر لاہور شرقی بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

جمعہ 2 ستمبر 2016 23:16

اسلام آباد ۔02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔2 ستمبر ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کالاشا کاکو کے مقام پر لاہور شرقی بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ یہ بائی پاس نیازی انٹرچینج سے 3.3 کلو میٹر کا فاصلہ کم کر کے لاہور رنگ روڈ سے ملے گا۔ منصوبہ پر کام کے آغاز کیلئے جونہی وزیراعظم محمد نواز شریف، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پنڈال پہنچے تو ہزاروں کی تعداد میں وہاں موجود پارٹی کارکنوں نے ”دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا، شیر آیا“ اور ”صدا جئے نواز شریف“ کے نعرے بلند کئے۔

16.5 کلو میٹر لاہور شرقی باء پاس کا منصوبہ 6 رویہ ہے اور اس کی تکمیل پر 24 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس پر شہریوں کو 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کی سہولت میسر ہوگی۔

(جاری ہے)

بائی پاس منصوبہ لاہور رنگ روڈ محمود بوٹی انٹرچینج سے شروع ہو کر جی ٹی روڈ اور موٹر وے کے جنکشن کالاشاہ کاکو تک پہنچے گا۔ بائی پاس کی تعمیر کی تکمیل سے کالا شاہ کاکو اور راوی پل کے درمیان ہونے والے ٹریفک کے رش کو کم کرنے کیلئے شرقی و شمالی لاہور کی جانب سفر کرنے والے شہریوں کیلئے ایک بہت بڑی سہولت فرامہ کرے گا۔ مجوزہ شاہی باغ پارک منصوبے کے پیش نظر یہ بائی پاس علاقہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے بھی نئی راہیں کھول دے گا۔