Live Updates

جہانگیر خان ترین، ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سمیت اہم رہنماؤں نے بنکوں سے قرضے معاف کرائے،تحریک انصاف فاؤنڈر گروپ کی طرف سے ’’پاکستان تحریک انصاف کرپشن کا سونامی‘‘ کے نام سے جاری وائٹ پیپر میں انکشاف

پیر 5 ستمبر 2016 00:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔4ستمبر۔2016ء) ’’پاکستان تحریک انصاف کرپشن کا سونامی‘‘ کے نام سے جاری فاؤنڈر گروپ کے وائٹ پیپر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین، ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سمیت دیگر اہم رہنما بنکوں سے قرضے معاف کرانے والوں میں شامل ہیں۔

اتوار کو فاؤنڈر گروپ کی جانب سے تحریک انصاف اور صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کی کرپشن کے بارے میں جاری کئے گئے وائٹ پیپر میں پارٹی کے سابق صوبائی صدر سینیٹر طارق سواتی کے حوالے سے وزارت خزانہ سے پوچھے گئے ایک سوال کا حوالہ دیا گیا ہے جس کے مطابق جہانگیر خان ترین نے زرعی ترقیاتی بنک سے ٹنڈووالہ شوگر مل کے نام پر کروڑوں روپے معاف کرائے، موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور ان کے بھائیوں نے حافظ آباد سٹرا ملز لمیٹڈ کے 1997-98 صنعتی ترقیاتی بنک سے پانچ کروڑ 46 لاکھ روپے معاف کرائے، پارٹی کے ترجمان نعیم الحق نے ایسٹ انوسٹمنٹ بنک سے 14 لاکھ 99 ہزار روپے معاف کرائے جبکہ پارٹی کے سیکرٹری خزانہ سردار اظہر خان بھی اس بنک کے ڈائریکٹروں میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں چیف وہپ ڈاکٹر شیریں مزاری صادق آباد ٹیکسٹائل مل کے ڈائریکٹرز میں شامل تھی جس نے پانچ کروڑ 15 لاکھ روپے کے قرضے معاف کرائے، عمران خان کے قریبی کاروباری شخصیت طارق شفیع کی ملکیتی کمپنیوں نے ایک ارب68 کروڑ روپے کے قرضے مختلف ادوار میں معاف کرائے، اسی رہنما نے کراچی میں تحریک انصاف کے صوبائی دفتر کیلئے ایک پورا فلور عطیہ کیا ہے۔

وائٹ پیپر میں عمران خان کی جانب سے ہائی کورٹ میں پیش کئے گئے اس حلف نامہ کی کاپی بھی شامل ہیں جس میں عدالت میں استدعا کی گئی ہے کہ اکبر ایس بابر ایک عام شہری ہے لہذا اسے تحریک انصاف کے فنڈز کے بارے میں الیکشن کمیشن میں اپیل کا کوئی حق نہیں۔اسی طرح اس وائٹ پیپر میں چارسدہ کے ایک رہائشی کی جانب سے وزیراعلیٰ پر غیر قانونی مائننگ کے بارے میں حلف نامہ بھی شامل ہے جبکہ ضیاء اﷲ آفریدی کا احتساب کمیشن کے سامنے بیان جس میں وزیراعلیٰ پر کرپشن کے الزام لگائے گئے ہیں بھی شامل ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات