فٹبال کا شوق وزیراعلی سندھ اور وزیر کھیل کو بلدیہ کھینچ لایا

سندھ کا سالانہ ترقیاتی پروگرام 225 ارب روپے کا ہے۔ 2 ماہ میں 60 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں، جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ ہمیں مل کر ملک کو مضبوط اور دشمن کے عزائم کو نیست ونابود کرنا ہے۔ 6 ستمبر ہمیں جذبے سے سرشار کردیتا ہے ، میڈیا سے بات چیت

منگل 6 ستمبر 2016 23:16

فٹبال کا شوق وزیراعلی سندھ اور وزیر کھیل کو بلدیہ کھینچ لایا

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 ستمبر ۔2016ء) فٹبال کا شوق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزیر کھیل سردار مہر بخش کو بلدیہ ٹاؤن کھینچ لایا۔ وزیراعلیٰ اور وزیر کھیل میدان میں اترے۔ وزیراعلی نے آسکانی برادرز اور وزیر کھیل نے ماڑی پور بلوچ کی نمائندگی کی۔وزیر اعلی سندھ نے گول بھی کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزیر کھیل سندھ سردار مہر بخش نے منگل کو بلدیہ نمبر 4میں ہونے والے فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

وزیر اعلی اور وزیر کھیل نے اس موقع پر میچ میں بھی حصہ لیا۔دونوں نے گیند جال میں بھی پہنچائی،وزیر اعلی سندھ کا گول ریفری نے درست قرار دیا، وزیر کھیل گول کرنے کے بعد آف سائیڈ قرارپائے۔اس موقع پر علاقے کے مسائل کی درخواست لے کر آنے والی خواتین کو ان سے ملنے نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے اپنی ٹیم کی جانب سے گول کرکے انہیں جتوادیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کا سالانہ ترقیاتی پروگرام 225 ارب روپے کا ہے۔ 2 ماہ میں 60 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں، جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے گولز بھی جلد کریں گے۔ جن فٹبال گراؤنڈز کی حالت خراب ہے، انہیں بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر ملک کو مضبوط اور دشمن کے عزائم کو نیست ونابود کرنا ہے۔ 6 ستمبر ہمیں جذبے سے سرشار کردیتا ہے ۔ ہمارا دفاع قابل تسخیر اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا عمران خان گول کرپائیں گے، وزیراعلیٰ نے جواب میں کہا کہ عمران خان فٹبال نہیں کھیلتے تو وہ فٹبال کیسے کھیلیں گے۔

متعلقہ عنوان :