پاک فوج نے لا ہورگیریژن میں یومِ دفاع روایتی جوش و خروش سے منایا

نماز ِ فجر کے بعد شہداء کے ایصالِ ثواب کے لئے قرآن خوانی،مادر وطن کی خوشحالی ،امن اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی شاعرِ مشرق علامہ اقبال اور میجر شبیر شریف شہید (نشانِ حیدر ) کے مزار پر فاتحہ خوانی

منگل 6 ستمبر 2016 23:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔6 ستمبر ۔2016ء) پاک فوج نے لا ہورگیریژن میں یومِ دفاع روایتی جوش و خروش سے منایا۔نماز ِ فجر کے بعد شہداء کے ایصالِ ثواب کے لئے قرآن خوانی ہوئی اور مادر وطن کی خوشحالی ،امن اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔ بعد ازاں شاعرِ مشرق علامہ اقبال اور میجر شبیر شریف شہید (نشانِ حیدر ) کے مزار پر فاتحہ خوانی ہوئی ،جہاں گیریژن کمانڈر میجر جنرل سردار طارق امان اورجنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل فدا حسین ملک نے بالترتیب پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

اس سلسلے میں فورٹریس اسٹیڈیم لاہور میں ایک شاندار عسکری مظاہرہ منعقد ہوا جس میں قومی جذبے سے سرشا ر عوام کی کثیر تعدادنے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ،کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل صا دق علی نے کہا کہ یوم ِدفاع، وطن عزیز کی بقاء اورسلامتی کی خاطر ہر قیمت پر اپنا فرض نبھا نے کے عز م کی تجد یدکا د ن ہے۔

(جاری ہے)

اور پاک فوج اپنے اس نصب العین سے کبھی بھی غافل نہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ جنگ 1965 ء کی طر ح آج بھی دفاعِ وطن کی خاطر پاک فوج کے بہادر سپوت دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے سینہ سپر ہیں اور بھر پور قومی تائید و حمایت کی بدولت اپنے مقصد کے حصول کے لئے پُر عزم ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ مادرِوطن ہماری پہچان اور ایمان ہے اور ہم ارضِ مقدس کا دفاع اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ہر قیمت پر کرتے رہیں گے اورسبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل صا دق علی نے مزیدکہا کہ وطن ِ عزیز کی حرمت اور آزادی کی پاسداری کے لئے افواجِ پاکستان ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ارضِ پاک کی حفاظت اورا س کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا مثبت کردار اِسی جذبہ خدمت سے جاری وساری رکھیں گی۔کور کمانڈر لاہور نے یوم دفاع کے موقع پر تجدیدِ عہد کرتے ہوئے آفیسرز اور جوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جذبہِ شجاعت و قربانی ہمارا قومی ورثہ ہے اور وُہ اپنے بہادر اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مادر ِوطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کو ئی کسر اُٹھا نہ رکھیں۔

دوسری جانب پاک فوج کی جانب سے یوم دفاع کے سلسلے میں شہریوں کی دلچسپی کے لئے فورٹریس سٹیڈیم میں عسکری سازو سامان کی نمائش میں مختلف سٹالز لگائے گئے تھے، جس میں عوام نے جوق در جوق شرکت کی۔سٹالز پر تعینات پاک افواج کے جوانوں نے آلاتِ حرب کے بارے عوام کو آگاہی دی ۔

متعلقہ عنوان :