شہباز شریف کی فور کور کے زیر اہتمام یوم دفاع کے موقع پر کینٹ میں یاد گار شہداء پر خصوصی تقریب میں شرکت

وزیر اعلی ، کورکمانڈ ر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے 6 ستمبر کی جنگ اور وطن عزیز کا دفاع کرنے والے مسلح افواج کے بہادر سپوتوں کی کامیابیوں پرمبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی

منگل 6 ستمبر 2016 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔6 ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج فور کور کے زیر اہتمام یوم دفاع کے موقع پر کینٹ میں یاد گار شہداء پر خصوصی تقریب میں شرکت کی-کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ ، اعلی و سول ملٹری آفیسرز ، سابق جنرلز ، فوجی جوانوں، شہداء کے لواحقین اور بچوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں-وزیر اعلی محمد شہباز شریف ، کورکمانڈ ر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہدا ء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا-وزیراعلی ، کورکمانڈر لاہور اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی-کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے اپنے خطاب میں شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیااورآرمی پبلک سکول کے بچوں نے ملی نغمہ پیش کیا-شہداء کے لواحقین اور تقریب کے شرکاء نے بھی یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے-تقریب کے دوران 6 ستمبر کی جنگ اور وطن عزیز کا دفاع کرنے والے مسلح افواج کے بہادر سپوتوں کی کامیابیوں پرمبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی-آپریش ضرب عضب اور پاکستان کی مسلح افواج کی عظیم قربانیوں اور آرمی پبلک سکول پشاور کے حوالے سے بھی ڈاکومینٹری دکھائی گئی-