مقبوضہ کشمیر : مشترکہ حریت قیادت نے احتجاجی کیلنڈر میں 16ستمبر تک توسیع کردی

جمعہ کو آزادی مارچ ، عیدالاضحی کے دن یواین او مارچ کیاجائیگا

بدھ 7 ستمبر 2016 13:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے وادی کشمیر میں جاری انتفادہ کے دوران بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کیلئے 16ستمبر تک احتجاجی کیلنڈر جاری کردیاہے۔ حریت رہنماؤں نے اس دوران مختلف طریقوں سے احتجاجی مظاہروں ، دھرنوں اور سڑکوں پر نمازیں ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جمعہ کو ضلعی ہیڈکوارٹروں پراجتماعی طور نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد محلوں، دیہات اور دیگر علاقوں سے ضلعی ہیڈکوارٹروں کی طرف ”آزادی مارچ“ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دس ستمبر بروز ہفتہ کو احتجاجی پروگرام کے مطابق شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک ڈھیل کا اعلان کیا گیا ہے اور لوگوں سے ظہر سے عصر تک سڑکوں پر قبضہ کرنے اور دونوں نمازیں سڑکوں پر ہی ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

لوگوں سے کہاگیاہے کہ وہ اپنے ہاتھوں میں، جھنڈے اور بینرزاٹھا رکھیں جن پر”ہم کیا چاہتے اازادی اور گو انڈیا گو بیک “کے نعرے درج ہوں۔ اتوارکو بھی شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک ہڑتال نہیں کی جائیگی ۔اس روزحریت تنظیموں اور محلہ کمیٹیوں سے اپنے اپنے علاقوں میں ضرورتمندوں کے ساتھ ساتھ جاں بحق و زخمی افراد کے گھر جاکر ان کی ضروریات کی فہرست مرتب کرنے اور ان کیلئے ضروری امداد کا انتظام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

عرفہ کے روز یعنی12ستمبر بروز پیر کو شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک ہڑتال نہیں ہوگی اور لوگوں کو متعلقہ علاقوں میں صبح 11بجے سے بعد دوپہر3بجے تک ایک روزہ”آزادی کنونشن“ منعقد کرنے کیلئے کیا گیا ہے جس میں تحریک حق خود ارادیت کے استحکام اور اسے آگے لیجانے پر غور کیا جائے گا۔ مشترکہ پروگرام کے تحت 13ستمبر بروزمنگل کو عید الاضحی کے دن لوگ جوق در جوق مرکزی عیدگاہوں، ضلعی و تحصیل صدر مقامات پر جمع ہوکر سونہ وار سرینگر میں اقوام متحدہ فوجی مبصر کے دفتر کی طرف”یو این مارچ“ میں حصہ لیں گے جہاں فوجی مبصر کو اس روز شروع ہونے والے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جمع کرانے کیلئے ایک یادداشت پیش کرنے کا پروگرا م ہے۔

لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید سادگی سے منائیں، اجتماعی طورپر قربانی اور ظہرانے کا اہتمام کریں اور قربانی کی کھالیں مقامی بیت المال میں جمع کرائیں۔ حتجاجی کلینڈر کے مطابق 14ستمبربرو ز بدھ کو تمام شاہراہوں اور بین ضلعی سڑکوں پر ظہر سے عصر تک قبضہ کیا جائے گا اور دونوں نمازیں سڑکوں پر ہی اداکی جائیں گی۔ 15 ستمبر بروزجمعرات کو ظہر کی نماز سڑکوں پر ادا کی جائے گی، ظہر سے عصر تک احتجاج کیا جائے گا اور دیواروں، کھمبوں اور گلی کوچوں پر نعرے تحریر کئے جائیں گے۔

16ستمبر بروزجمعہ کو تحریک آزادی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے نوجوانوں کے علاقوں کی مساجد کی طرف ”شہدا مارچ“کیاجائیگا ۔نماز جمعہ کے بعد ”آزادی اجتماعات“ منعقد ہونگے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انکے مشن کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کی جائیگی ۔