آبادی کے دباوٴ پر کنٹرول کے لئے خود رو آبادیوں اور غیر منظم نقل مکانی پر قابو پانا ہو گا۔ صوبائی وزیر ممتاز جاکھرانی

ہفتہ 10 ستمبر 2016 23:08

کراچی ۔ 10 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10ستمبر ۔2016ء) صوبائی وزیر بہبود آبادی میر ممتاز حسین جاکھرانی نے کہا ہے کہ آبادی کے دباوٴ پر کنٹرول اور شہروں کے غیر منظم پھیلاوٴ کو روکنے کے لئے خود رو آبادیوں کے قیام اور بغیر منصوبہ بندی کے نقل مکانی کو روکنا ہو گا۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں یونائٹیڈ نیشن پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کی رپورٹ ”پاکستان میں اندرونی نقل مکانی، سندھ کے کیس کا مطالعہ“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہروں پر آبادی کے دباوٴ کو روکنے کے لئے آگاہی کو فروغ دینا ہو گا اور لوگوں کو ان کے گھر کے نزدیک صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہم کرنا ہو گی جس کے لئے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے بہبود آبادی کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی خدمات کو سراہا۔ تقریب سے (یو این ایف پی اے) کے انٹرنیشنل پروگرام کوآرڈنیٹر برائے سندھ شرتی دھرتریپاتھی (Shurtidhar Tripathi)، رکن قومی اسمبلی شہناز وزیر علی، سیکریٹری بہبود آبادی سندھ سلیم رضا کھوڑو، ڈائریکٹر سید اشفاق شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔