سانحہ 8اگست کے شہداء کے چہلم کی مناسبت سے پیر کوعظیم جلسہ ہوگا

جمعرات 15 ستمبر 2016 23:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15ستمبر ۔2016ء ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 8اگست کوئٹہ کے سول ہسپتال کے عظیم شہداء کے چہلم کی مناسبت سے 19ستمبر بروز سوموار سہ پہر 3بجے کوئٹہ کے صادق شہید فٹبال گراؤنڈ میں عظیم الشان اور فقیدالمثل جلسہ عام منعقدہوگا جس سے پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

بیان میں تمام عوام سے اپیل اور پارٹی کارکنوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ جلسہ عام کی کامیابی کے لئے شب وروز محنت کریں اور جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شرکت کریں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 8اگست سول ہسپتال کا واقعہ وحشت وبربریت کا ایسا واقعہ ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔جس میں 100کے قریب وکلاء اور عام شہری لقمہ اجل بنے۔

(جاری ہے)

اور 1935ء کے زلزلہ کے بعد یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے جس میں ہمارے معاشرے کے اہم لوگ اور اتنی بڑی تعداد میں وکلاء شہید ہوئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی انتہا پسندی کی موجودہ لہر سے نکلنے کے لئے تمام عوام اور سیاسی جمہوری پارٹیوں کو ملکر اس کے خلاف جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 8اگست کا واقعہ اتنا دلخراش ہے کہ اس نے ہمارے عوام کو وہ راہ دکھائی ہے جس کے ذریعہ ہم مشترکہ طور پر اس کے خلاف جدوجہد کے لئے اکٹھا ہونا پڑے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 19ستمبر کو عظیم الشان جلسہ عام میں وکلاء کے شہید رہنماؤں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

بیان میں پارٹی کارکنوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ جلسہ عام کی کامیابی کے ہرلحاظ سے اپنی تیاریوں کو مکمل کریں۔ ادھر عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام شہداء کوئٹہ کے حوالے سے قرآن خوانی آج 12بجے باچاخان مرکز میں ہوگی جبکہ بعد میں لنگر بھی تقسیم کیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :