Live Updates

وزیر ا عظم نے گرفتار کرنے والے اداروں کو قابو کر رکھا ہے ‘ نیب اور ایف بی آر کو نواز شریف سے جواب طلب کرنا چاہیے تھا، آج ہمارے پاس پاکستان سے نیا پاکستان بنانے کا سنہری موقع ہے ‘ کرپٹ مافیا کو شکست دیدی تو سنہرا دور نظر آ رہا ہے، ایاز صادق کی ایمانداری کا پتہ اس سے چلتا ہے کہ پانامہ میں نواز شریف کا نام آیا لیکن اس نے ریفرنس میرے خلاف بھیج دیا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا حلقہ این اے 162 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب

جمعہ 16 ستمبر 2016 23:27

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر ا عظم نواز شریف نے پکڑنے والے اداروں کوخود قابو کر رکھا ہے ‘ نیب اور ایف بی آر کو نواز شریف سے جواب طلب کرنا چاہیے تھا، آج ہمارے پاس پاکستان سے نیا پاکستان بنانے کا سنہری موقع ہے ‘ کرپٹ مافیا کو شکست دیدی تو سنہرا دور نظر آ رہا ہے۔

جمعہ کو عمران خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا کو شکست د دی تو سنہرا دور نظر آ رہا ہے۔ آف شور میں نواز شریف کا نام آیا ہے لیکن نواز شریف نے پکڑنے والے اداروں کو قابو کر رکھا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ نیب اور ایم کیو ایم کا کام تھا کہ نواز شریف سے جواب طلب کرتے لیکن ایف بی آر کا چیئرمین خودکرپٹ ہے۔

(جاری ہے)

وہ 25 کروڑ روپے ماہانہ دبئی بھجواتا ہے۔ ایاز صادق کو اسپیکر کہہ کر اسپیکر کے عہدے کی توہین نہیں کرنا چاہتا۔ اس نے اپنے ضمیر کی قیمت لگائی ہے۔ ایاز صادق کی ایمانداری کا پتہ اس سے چلتا ہے کہ پانامہ میں نواز شریف کا نام آیا تھا لیکن اس نے ریفرنس میرے خلاف بھیج دیا۔ عمران خان نے کہا کہ 5 مہینوں سے نواز شریف پانامہ کا جواب نہیں دے رہے۔

ایک سرک کے دو دو بار فیتے کاٹے جا رہے ہیں لیکن فیتے کاتنے سے آپ نہیں بچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو آف شور کمپنیوں کا جواب دینا ہو گا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ عوام جمہوری حکومت کی حفاظت کرتی ہے ہمارا وزیر اعظم کرائے پر لئے گئے 3 جہازوں کے فیتے کاٹ رہا ہے جب جہاز ہمارے نہیں ہیں تو فیتے کس بات کے کاٹے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا پیسہ چوری ہو کر باہر جا رہا ہے اور ملک قرضے پر چل رہا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات