فریضہ حج ادا کرنے والے 216 پاکستانیوں کو لے کر نجی ائیرلائن ایئربلوکی پہلی پرواز بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد پہنچ گئی،وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حجاج کرام کا استقبال کیا

ہفتہ 17 ستمبر 2016 23:12

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17ستمبر ۔2016ء) فریضہ حج ادا کرنے والے 216 پاکستانیوں کو لے کر نجی ائیرلائن ایئربلوکی پہلی پرواز ہفتہ کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد پہنچ گئی، ائیرپورٹ پر وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ انہوں نے حجاج کرام کو پھولوں کے ہار پہنائے ۔

اس موقع پر ائیرپورٹ انتظامیہ، وزارت مذہبی امور کے اعلی حکام بھی ان کے ھمراہ تھے ۔ حجاج کرام نے حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزارت کے ترجمان اور قائمقام سیکرٹری وزارت مذہبی امور نور زمان نے بتایا کہ حجاج کرام کو وطن واپس لانے کے لئے حج پروازوں کا اختتام 16 اکتوبر کو ہو گا۔جس کے تحت پرائیویٹ اور سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے 143368حجاج کرام کو وطن واپس لایا جائے گا۔

ہفتہ کو 150حجاج کرام کو لے کر ایک اور پرواز فیصل آباد پہنچی ہفتہ کو ملک کے مختلف ایئرپورٹس پرجدہ سے حاجیوں کو وطن واپس لانے والی 10پروازیں اتریں۔قبل ازیں وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور وزیرمملکت پیر امین الحسنات نے جدہ میں وطن واپس آنے والے حاجیوں کو الوداع کیا اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔