پشاور میں مسلح افراد کے حملے میں سادہ کپڑوں میں ملبوس سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 18 ستمبر 2016 15:19

پشاور میں مسلح افراد کے حملے میں سادہ کپڑوں میں ملبوس سکیورٹی فورسز ..

پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 ستمبر۔2016ء) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مسلح افراد کے ایک حملے میں سادہ کپڑوں میں ملبوس سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق یہ حملہ پشاور کے مضافاتی علاقے خزانہ میں گڑھی صعبت خان کے مقام پر ہوا۔پشاور کے ایس پی رورل شوکت خان نے بتایا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس پاک فوج کے تین اہلکار سفید رنگ کی سوزوکی گاڑی میں جارہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے تینوں اہلکار موقع ہی پر ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے اہلکار قریب واقع ملٹری فارم سے دودھ لینے جارہے تھے کہ اس دوران ان پر حملہ کیا گیا۔پولیس افسر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور سارے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح افراد دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور تیس بور کے پستول کے کئی خول بھی ملے ہیں۔تاہم ابھی تک فوج کی جانب سے اس ضمن میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :