Live Updates

رائیونڈ مارچ پر مسلم لیگ(ن) کے کارکن ہرگز اشتعال میں نہ آئیں‘ محمد شہبازشریف

عمران خان کی خواہش اقتدار بذریعہ انتشار کبھی پوری نہیں ہو گی‘ ترقی دشمن طرز سیاست کی وجہ سے ان کے اپنے پرائے ہو چکے ہیں ترقی دشمن طرزسیاست کی وجہ سے عوام عمران خان سے بیزار ہو چکے ہیں‘ اسی لئے چیچہ وطنی میں جیتی ہوئی سیٹ ہار گئے اقتدار سیاستدان کی منزل نہیں عوامی خدمت کا ذریعہ ہوتا ہے‘ عمران خان کے بے راہرو قافلے کی سمت ہی غلط ہے؟

منگل 20 ستمبر 2016 23:28

رائیونڈ مارچ پر مسلم لیگ(ن) کے کارکن ہرگز اشتعال میں نہ آئیں‘ محمد شہبازشریف

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20ستمبر ۔2016ء ) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر گز اشتعال میں نہ آئیں اور کسی احتجاجی مظاہرے کے خلاف ردعمل کا کوئی اقدام کرنے کی کوشش نہ کریں،ڈنڈا بردار فورس جیسے اقدامات قطعاً برداشت نہیں کئے جائیں گے،عمران خان کے ترقی دشمن طرز سیاست کی وجہ سے ان کے اپنے پرائے ہو چکے ہیں جس کا اندازہ چیچہ وطنی کے ضمنی انتخابات کے حالیہ نتائج سے لگایا جا سکتا ہے، عمران خان کی خواہش اقتدار بذریعہ انتشار کبھی پوری نہیں ہو گی،لیکن مسلم لیگ(ن) برداشت اور تحمل کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور قانون کے دائرے میں رہ کر اختلاف رائے کے اظہار کے حق کی حفاظت کو اپنا فرض گردانتی ہے-یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کسی عہدیدار یا کارکن کو کسی بھی شہر یا علاقے میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی- جو ایسا کرے گا، اس کے خلاف متعلقہ قوانین لازماً حرکت میں آئیں گے -محمد شہبازشریف نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب کہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ(ن) کی قیادت اور کارکردگی پر مسلسل اعتماد کا اظہار کررہے ہیں- جہلم اور وہاڑی کے بعد اب چیچہ وطنی کے ووٹروں نے بھی ضمنی انتخاب میں ہمارے مخالفین کو شکست فاش سے دوچار کردیاہے-تحریک انصاف کا وہ انتخابی حلقہ جو اس کا مضبوط قلعہ سمجھا جا تا تھا، اس میں شگاف پڑ گیاہے اور اس کے رائے دہندگان نے بھی نفرت اور محاذ آرائی کی سیاست کو دفن کر کے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کے حق میں وزن ڈال دیاہے، ہمارے کارکنوں کو ثابت قدمی کے ساتھ اپنے طرز سیاست سے وابستہ رہنا اور محبت اور اخوت کا درس عام کرنا ہے-عمران خان کی ترقی دشمن سیاست کی وجہ سے عوام ان سے متنفر اور بیزار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

چیچہ وطنی کے حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج اس کے گواہ ہیں جہاں وہ اپنی ہی جیتی ہوئی سیٹ بری طرح ہار گئے۔ انہوں نے کہاکہ ایک مدت کے بعد لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل کرنے کے منصوبے روبہ عمل ہیں-ترقیاتی تعاون کے سب سے بڑے منصوبے سی پیک کے تحت پاکستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کے عمل کا آغاز ہوچکاہے، ایسے میں ہمیں جذبات میں بہہ کر اپنی منزل کھوٹی نہیں کرنی بلکہ کامیابی، ترقی اور خوشحالی کے راستے پر اپنے سفر کو تیز تر کرنا ہے- ہماری سیاست کا محور عوامی خدمت اور ان کی سیاست حصول اقتدار کی خواہش کے گرد گھومتی ہے۔

عوام پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی اقتدار پرست طرز سیاست کو بہت اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ مظاہرے کے دن متعلقہ علاقے میں پارٹی دفاتر بند رکھے جائیں-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن بھی ہمارے بچوں کی طرح ہیں۔ ان کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ اسی وجہ سے رائیونڈ مارچ کے احتجاج کے راستے میں مسلم لیگ(ن) کے آفس بند رکھے جائیں گے تاکہ تصادم کا احتمال نہ رہے۔

وزیراعلی پنجاب نے مزید کہاکہ میں عوام کی توجہ اس طرف بھی مبذول کرانا ضروری سمجھتا ہوں کہ کشمیر کو اس وقت اہل پاکستان کی غیرمنقسم اور بھرپور توجہ کی ضرورت ہے۔ اب ہم داخلی طور پر کسی انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ہمارے کشمیری بھائی آزمائش کی اس گھڑی میں اخلاقی حمایت اور معاونت کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں- وزیراعظم نوازشریف بھارتی جبر و تشدد اور ظلم وستم کے خلاف عالمی رائے عامہ کو بیدار کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے دورے پر ہیں-عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور ان سے تاریخی خطاب بھی کرنے والے ہیں، اس کے ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے- مجھے امید ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے کارکن اس نازک موقع پر اپنی تاریخی روایات برقرار رکھیں گے-انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کی وجہ سے سی پیک کا منصوبہ غیرضروری تاخیر کا شکار ہوا اور اب دھرنا پارٹی کے غیرذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے عوامی ترقی کا عمل متاثرہو رہا ہے۔

عاقبت نااندیشن سیاستدان اپنا طرزعمل بدلنے کو تیار نہیں۔ عمران خان حصول اقتدار کے لئے انتشار کی سیاست کر رہے ہیں۔ لیکن اقتدار پرست سیاستدانوں کو یہ بات سمجھ نہیں آ رہی کہ حکومت اور حصول اقتدار سیاستدان کی منزل نہیں ہوتا بلکہ عوامی خدمت کا ذریعہ ہوتا ہے۔ عمران خان منزل کیسے پا سکتے ہیں؟ ان کے بے راہرو قافلے کی سمت ہی غلط ہے۔ وزیراعلی شہبازشریف نے تحریک انصاف کی قیادت سے بھی توقع ظاہر کی ہے کہ وہ حالات کو پرامن رکھنے میں معاونت کریں گے اور کوئی ایسی صورت حال پیدا نہیں ہونے دیں گے، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائی کرناپڑے-قانون کی نظر میں تمام شہری برابرہیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف کسی امتیاز کے بغیر اقدام کیا جائے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :