پاکستان اور ترکی کے درمیان ایف ٹی اے کے نفاذ سے تجارت دو گنی ہو گی‘ ارشد فاروق

منگل 20 ستمبر 2016 23:35

کراچی ۔ 20 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20ستمبر ۔2016ء) پاکستان اور ترکی کے درمیان ایف ٹی اے کے نفاذ سے تجارت دو گنی ہو گی اور پاکستان تر کی کے در میان برا درانہ تعلقا ت ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور اقتصادی تعلقات کو وسیع کرنے کے لیے بہت سے مواقع موجود ہیں جنہیں دریافت کرنے اور ایف ٹی اے پر عمل درآمد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ارشد فاروق نے تر کی کے کمرشل قونصلر مرات موستو سے فیڈریشن ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی۔ ارشد فاروق نے کمرشل قونصلر کو ایف پی سی سی آئی کی سر گرمیوں اور اقتصادی ترقی میں اس کے کردار کے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ ترکی کی مہارت سے فائدہ اٹھائے بالخصوص انفراسٹرکچر کی تعمیر، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دو طرفہ تجارت کے حجم کا حوالہ دیتے ہو ئے کہاکہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم صرف 599.7ملین ڈالر ہے جس میں پاکستان کی ترکی کو برا ٓمدات کا حجم 310.5ملین ڈالر اور درآمدات کا حجم 289 ملین ڈالر ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایف ٹی اے کے نفاذ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اس وقت ترکی کی جانب سے پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت کو کاؤنٹر ویلنگ ڈبوٹیز کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی ترکی کو برآمدات میں کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف ٹی اے کے نفاذ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے پاکستان ترکی بزنس کونسل کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کا تبادلہ اور نمائشوں میں شرکت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ترکی کے کمرشل قونصلر مرات موستو نے ترکی کی حالیہ تناظر میں ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر ایک جامع پریزنٹیشن دی۔

انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر اور پاکستان ترکی بزنس کونسل کے چیئرمین رشید آبرو اور دیگر ممبروں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذوالفقا ر شیخ، ممتا ز علی شیخ، ترکی بزنس کونسل کے چیئرمین رشید آبرو اور پاکستان ترکی بزنس کونسل کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :