امریکہ کا وزیرستان میں جاری آپریشنز میں پاکستان کی مسلح افواج کیلئے اپنے تعاون کا اعادہ

افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کی اولین ترجیح ہے امریکہ اور پاکستان کا اتفاق دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کیلئے کی گئی پیشرفت قابل تعریف ہے امریکہ پاکستان دفاعی مشاورتی گروپ کے بعد اعلامیہ

بدھ 21 ستمبر 2016 23:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) امریکہ نے وزیرستان میں جاری آپریشنز میں پاکستان کی مسلح افواج کیلئے اپنے تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کیلئے کی گئی پیشرفت قابل تعریف ہے ۔ بدھ کو امریکہ پاکستان دفاعی مشاورتی گروپ (ڈی سی جی) کا 25 واں اجلاس وزارت دفاع میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ جبکہ امریکی وفد کی قیادت پرنسپل ڈپٹی انڈر سیکرٹری آف ڈیفنس فار پالیسی ڈیوڈ بی شیئر نے کی۔ وفود نے دوطرفہ تعلقات کیلئے امریکہ۔پاکستان دوطرفہ سلامتی شراکت داری کی مرکزیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ جاری تعاون خطہ اور اس سے باہر امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دوطرفہ سلامتی شراکت داری نے خطہ میں القاعدہ اور دوسرے پرتشدد انتہاء پسندوں کے انحطاط میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ امریکہ نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں بشمول شمالی وزیرستان میں جاری آپریشنز میں پاکستان کی مسلح افواج کیلئے اپنے تعاون کا اعادہ کیا اور دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کیلئے کی گئی پیشرفت کا اعتراف کیا۔

انہوں نے پاک افغان سرحدی علاقوں کو محفوظ بنانے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو بھی سراہا۔ پاکستان نے کسی امتیاز کے بغیر ہر قسم کے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کے خلاف کارروائی کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ امریکی وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی طرف سے آپریشن ضرب عضب میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا۔ پاکستان نے بھی افغانستان میں استحکام کیلئے اپنے تعاون اور خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

امریکہ نے نارتھ عریبیئن سی اور ہارن آف افریقہ میں میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ کیلئے امریکی سربراہی میں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت کے ذریعے پاکستان کی مسلح افواج کے نمایاں کردار اور کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 آپریشنز کی کمان سنبھالنے پر پاکستان نیوی کو سراہا۔ اجلاس میں دوطرفہ اور علاقائی مشقوں، سکیورٹی اسسٹنٹس اور استحکام کیلئے سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وفد نے آئی ای ڈیز سے درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اجلاس میں ڈی سی جی کے فورم کو سٹرٹیجک ڈیفنس پالیسی سے متعلقہ امور پر بحث کیلئے اہم فورم قرار دیا گیا۔