پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس جمع کروا دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 23 ستمبر 2016 14:30

پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 ستمبر۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس جمع کروا دیا۔پیپلز پارٹی کے نوٹس میں کہا گیا کہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اس معاملے پر قومی اسمبلی میں بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے مذکورہ نوٹس میں کہا گیا کہ 2 ماہ میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 100 فیصد کمی ہوئی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ رواں مالی سال 17-2016 کے ابتدائی 2 ماہ میں ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 128 فیصد کمی واقع ہوئی۔جولائی اور اگست میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں یہ 24 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سطح پر تھی۔

(جاری ہے)

اس عرصے میں چین سے ہونے والی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم بھی کم ہوا اور محض 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں چین کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر کی حالیہ پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کی صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے گئے تھے تاہم گورنر نے اس تاثر کو رد کردیا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا بڑا حصہ چینی سرمایہ کار لارہے تھے۔