بھارت سی پیک منصوبہ سبوتاژ اور پاکستان میں امن وامان کی صورتحال خراب کر نے کیلئے جنگ مسلط کر نا چاہتا ہے،آفتاب شیرپاؤ

پاکستانی عوام اور افواج انڈیا کو اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی،شمولیتی پریس کانفرنس

ہفتہ 24 ستمبر 2016 22:21

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ انڈیا سی پیک منصوبہ سبوتاژ کر نے اور پاکستان میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کر نے کے سلسلے میں مختلف حیلے بہانے بناکر پاکستان پر ایک سازش کے تحت جنگ مسلط کر نا چاہتا ہے لیکن پاکستانی عوام اور افواج انڈیا کو اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز وطن کور پشاور میں ایک شمولیتی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن ضلع چارسدہ کے رہنماء اورنگزیب خان ،اورآزاد ضلعی امیدوار مشتاق خان نے ناظمین و نائبین اوردرجنوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔شمولیت اختیار کر نے والوں نے ملی رہبر کی قائدانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی وطن پارٹی واحد جماعت ہے جو ہر سطح پر پختونوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپاوٴ نے مقبوضہ کشمیر میں انڈین مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج ہر سازش کو ناکام بنانے اور ملکی دفاع کیلئے تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ملک کی سالمیت کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ہرقسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے حوالے بات کرتے ہوئے پختون رہنماء نے کہا کہ ہم افغان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتے ہیں اورمطالبہ کرتے ہیں نان رجسٹرڈ مہاجرین کو بھی وہ مراعات فراہم کئے جائیں جو رجسٹرڈ مہاجرین کو حاصل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ افغان سٹوڈنٹس اور کاروباری طبقہ کیلئے ویزا کا حصول آسان بنایا جائے۔انھوں نے کہا کہ فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کیا جا ئے اور قبائلی عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت وہاں پر تعمیر و ترقی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔مردم شماری کے حوالے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے اس سلسلے میں اے پی سی منعقد کیا اور مردم شماری کے فوری انعقاد کیلئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کیا لیکن اس کے باوجود مرکزی حکومت نے مردم شماری کے انعقاد کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جوکہ قابل تشویش ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سی پیک کا منصوبہ گیم چینجر ہے لیکن اس کے ثمرات سے پختونوں کو دور رکھا جا رہا ہے انھوں نے مطالبہ کیا کہ سی پیک کے تمام تر ثمرات سے پختونوں اور پختون خطے کو مستفید کیا جائے کیونکہ دہشت گردی اور دیگر نامساعد حالات کی بدولت پختون اور یہ خطہ شدید متاثر ہو چکاہے۔انھوں نے کہا کہ پختونوں سے ناانصافیوں کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے جبکہ دہشت گردی کی وجہ سے پختونوں کا خطہ شدید متاثر ہو چکا ہے لہٰذا خطہ میں امن کے قیام اور پختونوں کے حقوق و تحفظ اور بہبود کیلئے تمام پختونوں کا ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہو نا ضروری ہے۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ،سابقہ سینیٹر حاجی غفران،معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی،قومی وطن پارٹی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان اور اسد آفریدی ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔