مرحوم عبداللہ جان جمالدینی علمی، صحافتی اور ادبی خدمات کے حوالے سے ویژنری شخصیت تھے ،تعزیتی ریفرنس سے مقررین کا خطاب

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 23:06

کوئٹہ ۔یکم اکتوبر ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء ) مرحوم پروفیسر عبداللہ جان جمالدینی ایک عہد ساز شخصیت، ادیب ،، محقق ، عالمی شہرت یافتہ دانشوراور مصنف تھے۔انہوں نے مشکل حالات کے باوجود بلوچی زبان و ادب کی ترقی کے لئے اہم کردار اداکیا۔بلوچستان یونیورسٹی میں نہ صرف شعبہ بلوچی کی بنیاد رکھی بلکہ بلوچی زبان وادب اور ثقافت کو سویڈن،ناروے،جاپان، اٹلی ، افغانستان ،ایران اور برطانیہ سمیت عالمی سطح پر متعارف کرایا۔

وہ نہ صرف عظیم شخصیت تھے بلکہ شخصیت ساز بھی تھے۔ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے مرحوم عبداللہ جان جمالدینی کے یادمیں شعبہ بلوچی تربت یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مرحوم عبداللہ جان جمالدینی کے علمی، صحافتی اور ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ وہ ایک ویژنری شخصیت تھے جس نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے پینتیس سال پہلے مکران اورلورالائی کے لئے یونیورسٹی قائم کرنے کا تصور پیش کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عہد حاضر کے کئی سکالرز ،ادیب اور مصنفین کو انکے شاگرد ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔تعزیتی ریفرنس میں عبداللہ جان جمالدینی کے انتقال پر انتہائی ر نج وغم کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر کے علاوہ شعبہ بلوچی کے چئیرپرسن عبدالغفور شاد، ملا فاضل چئیر کے سربراہ طاہر حکیم بلوچ اور لیکچرر شریف میر نے بھی ان کی سیاسی، علمی اور ادبی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

عبدالغفور شاد نے کہا کہ انکی شخصیت ہمارے لئے رول ماڈل ہے انکی زندگی نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے جنہوں نے بلوچی زبان وادب کو عالمی سطح پرترقی دینے کے علاوہ نوجوان نسل کولکھنے اور تحقیق کرنے کے لئے متحرک کیا۔طاہر حکیم بلوچ نے لٹ خانہ کا ذکر کرتے ہوئے مرحوم عبداللہ جان جمالدینی کے ترقی پسندانہ افکارونظریات اور سیاسی فلسفہ پر روشنی ڈالی۔ اس سے پہلے مرحوم عبداللہ جان جمالدینی کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔تعزیتی ریفرنس میں یونیورسٹی آف تربت کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد بلوچ، سی ایس او شاہ میربلوچ،شعبہ بلوچی کے لیکچرر عقیل احمد بلوچ، اور فیروزہ داد رحیم کے علاوہ طالب علموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :