لاہور ملتان موٹروے مارچ 2017تک مکمل ہو گی‘ وزیراعظم کی ترجیحات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور موٹر ویز کی تعمیر شامل ہیں

پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی خان کی ملتان میں اخبارات کے ایڈیٹرز اور چینلز کے بیوروچیف سے ملاقات،گفتگو

اتوار 2 اکتوبر 2016 21:54

لاہور ملتان موٹروے مارچ 2017تک مکمل ہو گی‘ وزیراعظم کی ترجیحات میں بجلی ..

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2اکتوبر۔2016ء) پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او ) راؤ تحسین علی خان نے کہا ہے کہ لاہور ملتان موٹروے مارچ 2017تک مکمل ہو گی۔ ملتان سکھر موٹر وے جو چار سو کلو میٹر پر مشتمل ہے کہ 2018کے آخر میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ گوجرہ شورکوٹ موٹر وے جون جولائی2017 تک مکمل ہو گی۔ اسی طرح سی پیک منصوبے پر بھی تیزی سے عمل در آمد جاری ہے ۔

وہ ایم جی ایم میں ملتان سے تعلق رکھنے والے قومی و علاقائی اخبارات کے ایڈیٹرز اور الیکٹرانک میڈیا کے بیوروچیف حضرات سے غیر رسمی بات چیت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

پی آئی ڈی ملتان کے انچارج شیخ محمد سعید بھی اس موقع پر موجود تھے ۔راؤ تحسین نے مزید بتایا کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات جا ری ہیں جبکہ وزیراعظم کی ترجیحات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور موٹر ویز کی تعمیر شامل ہیں۔

راؤ تحسین علی خان نے کہا کہ 2017اور 2018کو حکومت نے ترقی کا سال قرار دیا ہے اور جنوبی پنجاب میں موٹروے کے تمام منصوبوں کا افتتاح بھی وزیراعظم میاں نواز شریف کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کے تقرر کا اختیار وزیراعظم کو حاصل ہے اور وہ وقت آنے پر اس کافیصلہ کریں گے ۔