بھارت کا نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ ماضی کے سمجھوتہ ایکسپریس کی طرح جھوٹ ثابت ہوا، بھارتی خفیہ ادارے خود اس طرح کے واقعات گھڑتے رہتے ہیں، افغانستان ہمارے دشمن کے ساتھ کھڑا ہے تو کوئی بات نہیں ہم بھی اپنے رویہ پر نظر ثانی کر سکتے ہیں ، تحریک آزادی کشمیر فتح سے ضرور ہمکنار ہوگی اور بھارت کی موت کا پروانہ بنے گی،سی پیک منصوبے کی مخالفت بیرونی طاقتوں کے علاوہ اندرون ملک میں بھی ہے،وزیر دفاع خواجہ آصف کا تقریب سے خطاب

اتوار 2 اکتوبر 2016 22:44

بھارت کا نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ ماضی کے سمجھوتہ ایکسپریس ..

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2اکتوبر۔2016ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کا جو ڈرامہ رچایا گیا، ماضی کے سمجھوتہ ایکسپریس کی طرح جھوٹ ثابت ہوا، بھارتی خفیہ ادارے خود اس طرح کے واقعات گھڑتے رہتے ہیں، افغانستان ہمارے دشمن کے ساتھ کھڑا ہے تو کوئی بات نہیں ہم بھی اپنے رویہ پر نظر ثانی کر سکتے ہیں ، تحریک آزادی کشمیر فتح سے ضرور ہمکنار ہوگی اور وہ بھارت کی موت کا پروانہ بنے گی۔

اتوار کو سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جس طرح ماضی میں سمجھوتہ ایکسپریس کا ڈرامہ جھوٹ ثابت ہوا اسی طرح بھارت کی جانب سے رچایا گیا سرجیکل اسٹرائیک کا ڈرامہ بھی جھوٹ ثابت ہوگا جب کہ بھارتی خفیہ ادارے خود اس طرح کے واقعات گھڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی آزادی کے لئے کی جانے والی جدوجہد ایک دن ضرور فتح سے ہمکنار ہوگی اور وہ بھارت کی موت کا پروانہ بنے گی جب کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد آج بھی کشمیر میں کرفیو نافذ ہے اور لوگ جمعہ کی نماز تک ادا نہیں کرسکتے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان ہمارے دشمن کے ساتھ کھڑا ہے تو کوئی بات نہیں ہم بھی اپنے رویہ پر نظر ثانی کرسکتے ہیں جب کہ اقتصادی راہداری منصوبہ ایک ایسی شریان ہے جس سے دیگر چھوٹی موٹی شریانیں لاتعلق نہیں ہو سکتیں چاہے وہ افغانستان ہی کیوں نہ ہو، اس منصوبے کی مخالفت بیرونی طاقتوں کے علاوہ اندرون ملک میں بھی ہے تاہم سی پیک منصوبے کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔