بیٹی کے قتل کا مرکزی ملزم جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے ٗ والد قندیل بلوچ

قندیل کے قتل سے دو روز قبل میرااپنی بیٹی کے ہمراہ کراچی جانے کا منصوبہ تھا،عظیم کی گفتگو

پیر 3 اکتوبر 2016 21:11

بیٹی کے قتل کا مرکزی ملزم جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے ٗ والد قندیل ..

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 اکتوبر- 2016ء) مقتولہ قندیل بلوچ کے والد نے کہاہے کہ ان کی بیٹی کے قتل کا مرکزی ملزم انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قندیل بلوچ کے والد عظیم نے کہا کہ قندیل کے قتل سے دو روز قبل ان کا اپنی بیٹی کے ہمراہ کراچی جانے کا منصوبہ تھا، تاہم قاتلوں نے ہماری پوری زندگی تباہ کردی۔

انہوں نے کہا کہ قندیل کے قاتل تقریباً 2 لاکھ روپے کے زیورات اور 40 ہزار روپے نقدی بھی چرا کر لے گئے، جس کے بعد ان کے پاس اپنی بیٹی کی میت آبائی گاؤں لانے والی ایمبولینس کو دینے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے۔انہوں نے کہاکہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو قندیل کے قتل میں ملوث ایک ملزم ظفر سے جان کا خطرہ ہے، جو اب تک آزادی سے گھوم پھر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ قندیل کو قتل کرنے کے لیے ظفر نے وسیم کو اکسایا تھا اور وسیم کے ہمراہ حق نواز کو اس کام کے لیے بھیجا تھا۔

قندیل بلوچ کے والد عظیم نے کہا کہ انہیں قندیل کے قتل سے متعلق کیس کے حوالے سے کوئی آگاہی فراہم نہیں کی گئی اور اس حوالے سے جاننے کے لیے اخبارات ہی ان کا واحد ذریعہ تھا۔انہوں نے کہاکہ قندیل کے قتل کے بعد وہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کا کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :