سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے لئے گورکھ ہل اسٹیشن پر سیمینار منعقد کرایا جائے گا ، صوبائی وزیر سیاحت وثقافت مراد علی شاہ

پیر 3 اکتوبر 2016 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 اکتوبر- 2016ء) صوبائی وزیر سیاحت وثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے لئے گورکھ ہل اسٹیشن پر سیمینار منعقد کرایا جائے گا تا کہ صوبے کی اس جنت جیسے تفریحی مقام کی پذیرائی ہوسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں چیئر مین گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی رفیق جمالی،ایم پی اے سجیلا لغاری ،ڈی جی نذیر احمد جمالی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اس موقع پر ڈی جی گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نذیر احمد جمالی نے صوبائی وزیر کو گورکھ ہل پر مکمل اور جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہی دی انہوں نے بتایا کہ گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی 1995میں اسمبلی کے بل کے تحت وجود میں آئی جس کا اہم مقصد کھیرتھر کی پہاڑی سلسلے میں گورکھ ہل اسٹیشن کو ترقی دلانا ہے اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ہمیں مقامی آبادی اوپرائیوٹ سیکٹر کی خدمات حاصل کرتے ہوئے اس تفریحی مقام کو پر فضا ء اور ماحول دوست ترقی دلانی ہے انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے ہم جلد ہی گورکھ ہل پر ایک بہت بڑا سیمینار منعقد کرائیں گے جس میں تاجر برادری سرمایہ کاروں این جی اوز ،چیمبر آف کامرس ،مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں ،سیاحوں ،میڈیا نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں کو مدعو کیا جائے گا اجلاس کے دوران گورکھ ہل اسٹیشن پر موجود آٹھ سیاحتی ہٹس کو سولر سسٹم سے چلانے پرغور کیا گیا اس سلسلے میں صوبائی وزیر نے گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران کوہدایت کی کہ گورکھ ہل اسٹیشن پر شمسی توانائی کا پلانٹ لگانے کے لئے پلان تیا ر کیا جائے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ گورکھ ہل اسٹیشن پر شجر کاری کے لئے ہارٹی کلچر شعبے سے متعلقہ ماہر کنسلٹنٹ کو مقرر کرنے کے لئے سوچ رہے ہیں کیونکہ اس سے گورکھ سر سبز ہوجائے گا ۔اس موقع پر ڈی جی گورکھ ہل اتھارٹی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ گورکھ ہل اسٹیشن پر کینٹین اور ٹک شاپ ،سیاحتی ہٹس کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے ۔پانی کی لائین پہنچادی گئی ہے اور بجلی کے کھمبوں کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ فیملی ہٹس ،مسجد ،سرکٹ ہاؤس ،تفریحی پارک اور اسٹاف کواٹرز کی تعمیرجاری ہے اور امید کی جارہی ہے کہ گورکھ ہل پر منعقدہونے والے سیمینار سے پہلے ان کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا ۔اجلاس کے دوران گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی 2016-17کے لئے80ملین کی بجٹ منظور کی گئی۔