مسئلہ کشمیر سمیت تمام قومی امور پر ہم سب متحد ہیں،مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جائے ،مولانا فضل ا لرحمان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 4 اکتوبر 2016 23:30

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اکتوبر- 2016ء) جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ و کشمیرکمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل ا لرحمان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام قومی امور پر ہم سب متحد ہیں اور ہمارا ایک ہی موقف ہے، گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں صرف مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوئی، ایک سوال کے جواب مین انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا کسی بھی طرح بلوچستان سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر جانا پہچانا ایک متنازعہ علاقہ ہے جبکہ بلوچستان ہمارا ایک لازمی حصہ ہے اور ویسے بھی بھارت کون ہوتا ہے بلوچستان کی بات کرنے والا، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی ہے، انہوں نے مزیدکہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی جانے والی تقریر بھی اقوام متحدہ کی اپنی قراردادوں کی نفی ہے جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے، مولانا فضل ا لرحمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہے جس کے بغیر خطے میں امن نہیں ہو سکتا، ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جائے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت دیا جائے تاکہ وہ بھی اپنی زندگی آزادی سے گزار سکیں۔