انوراگ ٹھاکر اصل فکسر اور راجیو شکلا دلال ہے، بی سی سی آئی میں پہلے کے مقابلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، لودھا کمیٹی کی سفارشات کا واحد حل مکمل طور پر بورڈ میں صفائی ہے

آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی کا ٹوئٹر پیغام

جمعہ 7 اکتوبر 2016 18:35

انوراگ ٹھاکر اصل فکسر اور راجیو شکلا دلال ہے، بی سی سی آئی میں پہلے ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 اکتوبر- 2016ء) انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل)کے سابق چیئرمین للت مودی نے سپریم کورٹ کے ساتھ سرد جنگ کے سبب بحران سے دوچار ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی)کے حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں لٹیرا اور دلال قرار دیا ہے۔للت مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انوراگ ٹھاکر اور راجیو شکلا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایل کے موجودہ چیئرمین راجیو شکلا دلال اور بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر اصل فکسر ہیں۔

آئی پی ایل 2010 میں باضابطگیوں، ڈسپلن کی خلاف ورزی اور دیگر معاملات پر 2013 میں للت مودی پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور انہیں آئی پی ایل کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔اپنی ٹوئٹ میں مودی نے کہا کہ بی سی سی آئی میں پہلے کے مقابلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور واحد حل مکمل طور پر بورڈ میں صفائی ہے جیسا کہ لودھا کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انوراگ ٹھاکر کی اہلیت پر سوالات اٹھائے جہاں اس سے قبل بی سی سی آئی اس حوالے سے وضاحت دے چکی ہے۔یاد رہے کہ بی سی سی آئی صدر کا اہل وہی شخص ہوتا ہے جس نے کبھی باقاعدہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ہو اور رپورٹس کے مطابق اس عہدے کے حصول کیلئے انوراگ ٹھاکر نے مبینہ طور پر طے شدہ منصوبے کے تحت 2001 میں ایک میچ کھیلا جو ان کے کیریئر کا واحد فرسٹ کلاس میچ تھا۔سابق آئی پی ایل چیف نے الزام عائد کیا کہ انوراگ ٹھاکر زبردستی ہماچل پردیش کی ٹیم کا حصہ بنے کیونکہ اس وقت ان کے والد وہاں کے وزیر اعلی تھے۔راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر للت مودی نے حال ہی میں دبئی میں اپنی ریاست کے کرکٹ حکام سے ملاقات کر کے لودھا کمیشن کی سفارشات پر مکمل عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔