سی ڈی اے آر پی سی سی ایچ ایس میڈیا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کو غیر قانونی قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس لے

ایسا نہ ہوا تو سوسائٹی کے رہائشی اور الاٹیز 13 اکتوبر کو چیئرمین سی ڈی اے آفس کا گھیراؤ کریں گے،سوسائٹی کی مینجمنٹ کمیٹی اور رہائشیوں کے اجلاس میں فیصلہ

جمعہ 7 اکتوبر 2016 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 اکتوبر- 2016ء) سی ڈی اے نے اگر پنجاب حکومت کی ڈویلپ (develop) کردہ آر پی سی سی ایچ ایس میڈیا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کو غیر قانونی قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس نہ لیا تو سوسائٹی کے رہائشی اور الاٹیز 13 اکتوبر کو چیئرمین سی ڈی اے آفس کا گھیراؤ کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ سوسائٹی کی مینجمنٹ کمیٹی اور رہائشیوں کے اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے انتظامیہ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے جڑواں شہر کے صحافیوں کی ہاؤسنگ سوسائٹی جو کہ پنجاب اسمبلی ایکٹ کے تحت بنائی گئی تھی کو دس سال بعد غیر قانونی قرار دے دیا ہے، جس کی وجہ سے رہائشیوں کو سوئی گیس کنکشن کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس ضمن میں مینجمنٹ کمیٹی نے پنجاب حکومت کو بھی آگاہ کیا اور متعدد مرتبہ سی ڈی اے حکام سے بھی ملاقاتیں کیں لیکن سی ڈی اے کے افسران کوئی بات سننے کے لئے تیار نہیں۔ اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے آفس کے سامنے 13 اکتوبر کو میڈیا ٹاؤن کے رہائشی اور الاٹی مظاہرہ کریں گے۔