ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کو آئندہ چند ہفتوں‌میں تبدیل کیے جانے کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 اکتوبر 2016 12:01

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کو آئندہ چند ہفتوں‌میں تبدیل ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08 اکتوبر 2016ء) : ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کو آئندہ چند ہفتوں میں عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اخبار "دی نیشن" میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کو آئندہ کچھ ہفتوں میں تبدیل کر کے ان کی جگہ نئے ڈی جی کی تعیناتی کر دی جائے گی۔

ایک سکیورٹی ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس تبدیلی کے لیے تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر ستمبر 2014ء میں بطور ڈی جی آئی ایس آئی تعینات ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں تین سال مکمل ہونے سے قبل ہی تبدیل کر دیا جائے گا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک افسر نے بتایا کہ ان کی جگہ کور نکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار کو لائے جانے کا قوی امکان ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ سے جب اس سے متعلق دریافت کیا گیا تو انہوں نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تاحال ایسی کسی چیز پر غور نہیں کیا جا رہا۔ خیال رہے کہ نوید مختار کور کمانڈر کراچی ہیں جو ڈی جی رینجرز سندھ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ دوسری جانب ایک اور اعلیٰ آرمی آفیسر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع یا ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے میں تبدیلی کیے جانے کے امکانات نہیں ہے ایسی کوئی بھی تبدیلی آرمی چیف کے اپنے عہدے سے متعلق کسی فیصلے کے بعد ہی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :