واقعہ کربلا ہمیں برداشت اور اسلام کی سربلندی کا درس دیتا ہے‘ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 10 اکتوبر 2016 21:10

․ سیالکوٹ۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ نے میدان کربلا میں شجاعت اور بہادری اور تسلیم و رضا کی تاریخ رقم کی ہے کہ جس کی مثال دنیا زمانہ کے بس میں نہیں ۔ آپ ؓ نے اپنے خون جگر سے شجر اسلام کی ایسی آبیاری کی اور ابدی چراغ روشن کئے کہ جو قیامت تک اپنی ضوفشانیاں بکھیرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت اسلام کے ماتھے کا خوبصورت جھومر ہے اور آپ کی شہادت حرمت دین پر کٹ مرنے کا درس دیتی ہے ۔ واقعہ کربلا عظیم ہستیوں کی شہادت کی ایک عظیم داستان ہے جہاں دین اسلام کی سربلندی اور اسلام کو بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کی گئی ہیں ۔ واقعہ کربلا ہمیں برداشت اور اسلام کی سربلندی کا درس دیتا ہے ۔ حضرت امام حسین ؓ نے اپنے نانا کے دین کو بچانے کے لئے اپنی جان قربان کر دی ۔ مسلمان حضرت امام حسین ؓ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے جنہوں نے دین حق کی سربلندی اور اسلام کی خاطر اپنی جانیں قربان کی ہیں۔