ایس ایس پی لاڑکانہ کی زیر صدارت اجلاس٬ محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی

پیر 10 اکتوبر 2016 22:20

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) ایس ایس پی لاڑکانہ کی زیر صدارت اہم اجلاس٬ محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی٬ محرم الحرام کے دوران تین ہزار پولیس اور 300 رینجرز اہلکار تعینات کرنے سمیت 300 پاک فوج کے جوانوں کو اسٹینڈ بائی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی لاڑکانہ کامران نواز کی صدارت میں محرم الحرام کے دوران امن امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اہم اجلاس ہوا جس میں ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز٬ ایس ایچ اوز سمیت ڈی آئی بے کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی پلان کو حتمی تشکیل دیتے ہوئے محرم الحرام کے دوران تین ہزار پولیس اور 300 رینجرز اہلکار تعینات کرکے 300 پاک فوج کے جوانوں کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے جبکہ تمام مذہبی عبادتگاہوں٬ مدارس٬ امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے آمد و رفت کے راستوں پر حفاظتی انتظامات سخت کئے جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکشن پلان کے ہر نقطے پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام مساجد٬ مدارس اور امام بارگاہوں کی کمیٹیاں اور انجمن کے عہدیداروں سے پولیس افسران قریبی روابط رکھیں گے اور محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کو قائم رکھا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس کی نگرانی سی سی ٹی کیمراؤں کے ذریعے کی جائے گی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت بس اڈوں٬ اسٹیشن اور دیگر مقامات پر نقل و حرکت کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماہ محرم کے دوران تمام ہوٹل اور کیبل نیٹ ورکس پر گانے چلانے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ شہر کے اندر ہیوی لوڈر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات اور ٹریفک کے نظام سمیت تمام تر صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :