توہین رسالت ٬سپریم کورٹ کے جج کی آسیہ بی بی کی درخواست کی سماعت سے معذرت

سلمان تاثیر سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی٬ اس لئے آسیہ بی بی کی درخواست کی سماعت کرنے والے بنچ کا حصہ نہیں بن سکتا٬ جسٹس اقبال حمید الرحمان٬سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 12:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) سپریم کورٹ کے جسٹس اقبال حمید الرحمان نے توہین رسالت میں سزائے موت کے خلاف آسیہ بی بی کی درخواست سننے سے معذرت کرلی جس کے بعد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی ۔ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی ملزمہ آسیہ بی بی کی اپیل کی سماعت کی٬ سماعت کے آغاز پر بنچ میں شامل جسٹس اقبال حمیدالرحمان نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلمان تاثیر سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی اس لئے وہ آسیہ بی بی کی درخواست کی سماعت کرنے والے بنچ کا حصہ نہیں بن سکتے۔

بنچ نے کیس واپس چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجواتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جسٹس اقبال حمید الرحمان سلمان تاثیر قتل کیس کی سماعت کر چکے ہیں٬ چیف جسٹس پاکستان کیس کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دیں گے۔

(جاری ہے)

آئندہ ایسے بینچ میں کیس مقرر کیا جائے گا جس میں جسٹس اقبال حمید الرحمان نہ ہوں۔ کیس کی سماعت کے لیے نئی تاریخ کا تعین بھی بنچ کی تشکیل کے بعد ہوگا۔ واضح رہے کہ آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام میں 2010 میں لاہور کی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمیٰ میں درکواست دائر کی تھی٬ سپریم کورٹ نے 22جولائی2015 کو آسیہ بی بی کی اپیل ابتدائی سماعت کے لئے منظور کی تھی۔

متعلقہ عنوان :