ضلعی انتظامیہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ کمشنرفیصل آباد

جمعرات 13 اکتوبر 2016 23:42

فیصل آباد۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء)ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے چاروں اضلاع کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور ان کی مسائل و شکایات پر مبنی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی سے متعلق انہیں باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے ۔ انہوں نے یہ بات اوورسیز پاکستانیوں کے مختلف مسائل کے حل کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔

آر پی او بلال صدیق کمیانہ ‘ ڈی سی او سلمان غنی ‘ سی پی او افضال احمد کوثر ‘ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بلاول ابڑو ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے انجینئر عامر عزیز ‘ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عبدالقدوس ‘ ممبر ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی ڈاکٹر وسیم نواز اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ بیرون ملک محنت کرنے والے پاکستانی سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں جو ملکی معیشت میں گرانقدر حصہ ڈال رہے ہیں اور پاکستان کا تشخص ابھارنے میں انکا اہم کردار ہے لہذا انہیں اور انکے خاندان کو پاکستان میں درپیش مسائل بڑی توجہ اور ذمہ داری کے متقاضی ہیں جن کی داد رسی میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے پیچیدہ سے پیچیدہ مسائل کو ہر ممکن حد تک حل کریں اورانصاف کی فراہمی کے حوالے سے ان کا اعتماد مضبوط ہوناچاہئے ۔ڈویژنل کمشنر نے زیر التواء درخواستوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر واضح پیش رفت نظر آنی چاہئے ۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں اور دیگر مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں ۔ لہذا اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو تیز رفتاری سے حل کیا جائے ۔