وزیر داخلہ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے صحافی سرل المیڈا کا نام نکالنے کا حکم دیدیا

یہ فیصلہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے مشترکہ وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات میں کیا گیا صحافی کے نام کے اخراج سے معاملے کی جاری انکوائری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نیوز آئٹم کی ذمہ داری کے تعین کے لئے تحقیقات جاری رہے گی

جمعہ 14 اکتوبر 2016 21:25

وزیر داخلہ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے صحافی سرل المیڈا کا نام نکالنے کا ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آزادی صحافت اور آزاد میڈیا کے پختہ عزم اور خیر سگالی کے جذبے کا اعادہ کرتے ہوئے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے صحافی سرل المیڈا کا نام نکالنے کا حکم دیا ہے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی پریس ریلیز کے مطابق صحافی کے نام کے اخراج سے معاملے کی جاری انکوائری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نیوز آئٹم کی ذمہ داری کے تعین کے لئے تحقیقات جاری رہے گی۔

یہ فیصلہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے مشترکہ وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر رائو تحسین علی خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ آزاد میڈیا نہ صرف قومی مفادات کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا بلکہ ریاست کے دشمنوں کے منفی پروپیگنڈا کا بھی خاتمہ کرے گا۔

قومی سلامتی کے ایشوز بارے ایسے غیر مصدقہ اور قیاس آرائی پر مبنی ذرائع کے نیوز آئٹم سے اجتناب کیا جائے جو ذمہ دارانہ صحافتی و اخلاقی حدود سے بھی تجاوز کرتا ہو۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر ٹھوس یقین رکھتی ہے جس نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ اس پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔ اے پی این ایس اور سی پی این ای کا وفد اے پی این ایس کے صدر سرمد علی‘ سی پی این ای کے صدر ضیاء شاہد‘ اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل عمر شامی‘ سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل اعجاز الحق اور سینئر صحافیوں عارف نظامی اور مجیب الرحمان شامی پر مشتمل تھا۔