افغانستان نے بھی سی پیک منصوبے میں شمولت کی خواہش ظاہر کردی

اقتصادی راہداری اہم منصوبہ ہے جو صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے لیے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے٬ جو منصوبہ پاکستان کے لیے اچھا ہوگا وہ پورے خطے کے لیے اچھا ہوگا٬ افغان عوام ترقی دیکھنے کے لیے پیاسے ہیں اور ملک کو خوشحال ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں٬ افغانستان سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس منصوبے کا حصہ بننا چاہتا ہے٬پاکستان میں افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 14 اکتوبر 2016 22:45

افغانستان نے بھی سی پیک منصوبے میں شمولت کی خواہش ظاہر کردی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2016ء) پاکستان میں تعینات افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے کہا ہے کہ افغانستان پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس منصوبے کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمر زاخیل وال نے کہا کہ اقتصادی راہداری اہم منصوبہ ہے جو صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے لیے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے٬ جبکہ جو منصوبہ پاکستان کے لیے اچھا ہوگا وہ پورے خطے کے لیے اچھا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام ترقی دیکھنے کے لیے پیاسے ہیں اور ملک کو خوشحال ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔افغان سفیر نے اقتصادی راہداری کے منصوبے میں افغانستان کو شامل کیے جانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان راہداری منصوبے کی مکمل طور پر حمایت کرتا ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ پورے خطے کے لیے سودمند ہے اور افغانستان کے لیے نہایت موزوں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اقتصادی راہداری کے منصوبے میں شامل ہو کر ترقی کرسکتا ہے اور افغانستان میں دہائیوں سے جاری جنگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرسکتا ہے۔عمر زاخیل وال نے اس موقع پر افغان کرکٹ ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح افغان کرکٹ ٹیم دنیا کی آٹھویں بہترین ٹیم بن گئی٬ اسی طرح اگر موقع دیا جائے تو افغانستان دوسرے شعبوں میں بھی دنیا کو حیران کرسکتا ہے۔قبل ازیں ایران اور سعودی عرب بھی پاک ۔ چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔گزشتہ ماہ ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیر اعظم نواز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں سائڈ لائن ملاقات کے دوران منصوبے کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔