ملک کے 90 فیصد سے زائد کیبل آپریٹرز نے بھارتی مواد کی نشریات روک دی٬احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے 107 کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی

اتوار 16 اکتوبر 2016 22:30

ملک کے 90 فیصد سے زائد کیبل آپریٹرز نے بھارتی مواد کی نشریات روک دی٬احکامات ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اتوار کو کہا ہے کہ پیمرا کی ہدایات کے مطابق ملک کے 90 فیصد سے زائد کیبل آپریٹرز نے بھارتی مواد کی نشریات روک دی ہیں۔ پیمرا کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پیمرا نے 15 اکتوبر کی درمیانی شب کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے ٹی وی چینلز کو بھارتی مواد دکھانے سے منع کیا تھا اور کہا تھا کہ جو چینل ان حکامات پر عملدرآمد نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پیمرا کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ مختلف شہروں کے دورے کئے تاکہ کیبل آپریٹرز کی جانب سے پیمرا احکامات پر عملدرآمد کرنے یا نہ کرنے کاجائزہ لیا جاسکے۔ پیمرا نے کہا ہے کہ ملک کے 90 فیصد سے زائد کیبل آپریٹرز نے احکامات پر عمل کیا اور دس فیصد سے بھی کم غیرملکی مواد ایف ایم ریڈیو پر پایا گیا۔

(جاری ہے)

بعض کیبل آپریٹرز نے جو پیمرا کے احکامات پر عمل نہیں کر رہے تھے ان کے غیرقانونی آلات ضبط کرلئے گئے۔

اگر کیبل آپریٹرز حکامات پر عمل نہیں کریں گے تو ان کے لائسنس منسوخ کردیئے جائیں گے۔ پیمرا کی ٹیموں نے عملدرآمد کے جائزہ کیلئے جن شہروں کے دورے کئے ان میں پشاور٬ نوشہرہ٬ مردان٬ چارسدہ٬ کوہاٹ٬ ڈی آئی خان٬ ہزارہ ریجن٬ کراچی٬ لاہور٬ حیدرآباد٬ سکھر٬ لاڑکانہ٬ ٹنڈو اللہ یار٬ میرپور خاص٬ سیالکوٹ٬ نارووال٬ گجرات٬ حافظ آباد٬ شیخوپورہ٬ فیصل آباد٬ ملتان٬ بہاولپور٬ لیہ٬ لودھراں٬ مظفرگڑھ٬ جہلم٬ اٹک٬ راولپنڈی٬ چکوال٬ اوکاڑہ اور قصور شامل ہیں۔

ہزاروں کیبل آپریٹرز کے دفاتر کا معائنہ کیا گیا اور احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے 107 کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور ان مقامات کو جزوی یا مکمل طور پر سربہمر کردیا گیا۔ پیمرا کی ٹیم نے مارکیٹوں کا بھی دورہ کیا جہاں مبینہ طور پر بھارتی ڈی ٹی ایچ فروخت کرنے کی اطلاعات تھیں تاہم کوئی ثبوت نہیں ملے۔ پیمرا کے چیئرمین نے صوبائی وزراء سے ملاقات میں تعاون کی درخواست کی تھی اور انہوں نے بھرپور تعاون کیا۔

پیمرا قوانین کا اطلاق تمام ٹیلی ویژن چینلز پر ہوتا ہے اور ان ہدایات کی روشنی میںوہ دس فیصد سے زائد (چھ فیصد بھارتی اور چار فیصد دیگر غیرملکی) غیرملکی مواد نہیں دکھا سکتے۔ پیمرا تمام ٹی وی چینلز کی مانیٹرنگ کر رہا ہے اور خلاف ورزی پر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :